گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی پہلی ترجیح ہے، شاہد خاقان عباسی، سی این جی کی بندش کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن عدلیہ کے فیصلے پر سی این جی کھولنی پڑی، فیصلے کے خلاف اپیل کی ہے امید ہے انصاف ملے گا ،بلوچستان سے پچاس سال سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں گے، نومبر 2014 ء تک ایل این جی درآمد کریں گے اور گیس کی قیمت پر خاص حد تک قابو پالیا جائے گا ،نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

منگل 14 جنوری 2014 07:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جنوری۔ 2013ء) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی پہلی ترجیح ہے سی این جی کی بندش کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن عدلیہ کے فیصلے پر سی این جی کھولنی پڑی فیصلے کے خلاف اپیل کی ہے امید ہے انصاف ملے گا ۔ بلوچستان سے پچاس سال سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں گے نومبر 2014 ء تک ایل این جی درآمد کریں گے اور گیس کی قیمت پر خاص حد تک قابو پالیا جائے گا نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوا تو 30 فیصد گیس کی کمی تھی اور ہم نے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کیلئے سی این جی سمیت کئی سیکٹرز کو گیس کی سپلائی بند کی تھی لیکن ہائی کورٹ نے سی این جی اسٹیشنزکو گیس کی فراہمی کا حکم دیا جس پر گیس کی قلت پیدا ہوگئی انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف عدالت میں گئے ہیں امید ہے وہاں سے ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کیلئے گیس کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا بل اتنا ہی آتا ہے جتنی گیس استعمال ہوتی ہے ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان سے گیس پورے ملک کو ملتی ہے لیکن بدقسمتی سے بلوچستان کے صرف تین شہروں میں گیس اور باقی صوبے میں گیس نہیں ہے بلوچستان سے پچاس سال سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں گے اور مزید شہروں کو بھی گیس فراہم کریں گے ان کا کہنا تھا کہ کہوٹہ میں ٹیکنیکل مسئلے کی وجہ سے گیس کی قلت ہے جسے دور کرنے کیلئے کام ہورہا ہے کے پی کے میں گیس کی جتنی پیداوار ہے اتنی ہی گیس کی ضرورت ہے وہاں سے کسی اور صوبے کو گیس نہیں جا رہی انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اس وقت پانچ سو سی این جی اسٹیشنز ہیں اور گاؤں تک بھی گیس پہنچ چکی ہے لیکن پیچھے گیس نہیں ہے ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ گیس درآمد کرکے تمام سیکٹرز کو گیس دی جائے پاکستان میں ساٹھ فیصد گاڑیاں سی این جی پر چل رہی ہیں اور پچھلے دس پندرہ سال کی غلطیوں کی وجہ سے آج ہم مسائل کا شکار ہیں اب سی این جی ایک بڑا کاروبار بن چکا ہے انہوں نے کہا کہ ایل این جی منصوبے پر کام جاری ہے اور امید ہے کہ نومبر 2014 ء میں گیس آجائے گی اور اگلے سال تک گیس کی قلت پر قابو پالیا جائے گا۔