توانائی کے شعبے میں عالمی بینک کے تعاون کا خیرمقدم کیا جائیگا، ممنون حسین ،دہشت گردی کا خاتمہ قومی سلامتی کا اہم مسئلہ ہے، علماء ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے امن اور بھائی چارے کے لئے کام کریں، ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات ،انٹرویو

منگل 14 جنوری 2014 07:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جنوری۔ 2013ء)صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں عالمی بینک کے تعاون کا خیر مقدم کریگا۔ دہشت گردی کا خاتمہ قومی سلامتی کا اہم مسئلہ ہے۔جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ بات انہوں نے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔جنہوں نے ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی ۔

صدر ممنون حسین نے ورلڈ بینک کے پاکستان کے ساتھ کام کے تعلقات کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ادارہ ملک میں ترقیاتی پراجیکٹوں کے فروغ کے لئے تعاون جاری رکھے گا۔ ملک میں توانائی ضروریات کو اجاگر کرتے ہوئے صدر نے زور دیا کہ بینک پاکستان میں توانائی اور پانی کے وسائل کے لئے فنانسنگ پر غور کرے کیونکہ توانائی کے ان دونوں مسائل کی شدید قلت کے باعث پاکستانی معیشت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک پاکستان میں توانائی بحران سے نمٹنے کی کوششوں میں تعاون کے حوالے سے انتہائی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے اس موقع پر صدر کو پاکستان میں بینک کی سرگرمیوں اور پروگراموں بارے میں آگاہ کیا ۔دریں اثناء اپنے ایک انٹرویو میں صدر نے علماء پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے امن اور بھائی چارے کے لئے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ قومی سلامتی کا ایک اہم مسئلہ ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ حکومت فوج اور عوام مل کر دہشت گردی پر قابو پالیں گے