سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو منسوخ کرنے کی اجازت دے دی،دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تین روز کی توسیع کے بعد انتخابی عمل ناممکن ہو چکا ،سیکرٹری الیکشن کمیشن کا عدا لت میں مو قف

منگل 14 جنوری 2014 07:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جنوری۔ 2013ء)سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو منسوخ کرنے کی اجازت دے دی،دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے لیے نیا شیڈول بنایا جائے گا۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔عدالت میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے موقف اختیار کیا کہ حلقہ بندیاں بحال ہو بھی جائیں تب بھی سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا موجودہ شیڈول منسوخ کرنے کے سواء کوئی آپشن نہیں۔

دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تین روز کی توسیع کے بعد انتخابی عمل ناممکن ہو چکا ہے۔الیکشن کمیشن صرف عدالتی حکمنامے کا انتظار کر رہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں اٹھارہ جنوری کو انتخابات کرانے کیلئے چند گھنٹوں میں تین کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپنے ہونگے جبکہ پنجاب میں 30 جنوری کو انتخابات کرانے کیلئے بارہ روز میں تیس کروڑ بیلٹ پیپرز پرنٹ کرنا ہونگے جس پر سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں میں توسیع کی اجازت دے دی،سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے شیڈول کے متعلق ابھی کچھ نہیں بتا سکتے۔

(جاری ہے)

امید ہے بلدیاتی انتخابات کے حوالے انتظامات جلد مکمل کرلیں گے۔بیلٹ پیپرز ضائع نہیں ہوئے،ہم نے پرنٹنگ کارپوریشن کو رقم دی تھی جس سے صرف ابھی کاغذ خریدا گیا ہے،بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع نہیں ہوئی۔کنٹونمنٹ،خیبرپی کے اور اسلام آباد میں انتخابات کی تاریخیں تبدیل نہیں ہوئیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ سندھ میں 18 جنوری اور پنجاب میں 30 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات اب مقررہ تاریخوں پر نہیں ہوں گے‘ امید ہے کہ جلد تمام عمل مکمل کرکے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرائیں گے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا تو عدالت عظمیٰ نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے نئے شیڈول کی اجازت دے دی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ اب سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول منسوخ ہوگیا ہے اور جو انتخابات سندھ میں 18 جنوری اور پنجاب میں 30 جنوری کو ہونے تھے لیکن وہ اب مقررہ تاریخوں پر نہیں ہوں گے۔

اشتیاق احمد نے کہا کہ قانون میں ترامیم‘ رولز اور قانون سازی کے بعد نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا اور عدالتی احکامات کے پیش نظر حلقہ بندیاں بھی کی جائیں گی۔ اشتیاق احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فی الحال انتخابات کیلئے وقت مقرر کرنا مشکل ہے لیکن امید ہے کہ جلد تمام عمل مکمل کرکے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن بنائیں گے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ بیلٹ پیپرز کو ہرگز ضائع نہیں ہونے دیں گے۔سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عدالتی احکامات کے پیش نظرحلقہ بندیاں بھی ہوں گی، قانون میں ترامیم، رولز اور قانون سازی کے بعد نئی تاریخ کا اعلان کرینگے اورترامیم کے بعد بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے امید ظاہر کی کہ تمام عمل جلد مکمل ہوجائے گا۔