وزیراعلی ٰخیبرپختونخوا کا مارچ سے طبقاتی نظام تعلیم ختم، صوبہ بھر میں یکساں نظام تعلیم نافذ کرنے کا اعلان، کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں، حقیقی معنوں میں لوگوں کو مقامی سطح پر بااختیار بنانے کا نظام متعارف کیا جا رہا ہے،اجتماع سے خطاب

پیر 13 جنوری 2014 07:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13 جنوری ۔2014ء)خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے اگلے مہینے مارچ سے طبقاتی نظام تعلیم ختم کر کے صوبہ بھر میں یکساں نظام تعلیم نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے وزیر اعلیٰ نے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں جس میں حقیقی معنوں میں لوگوں کو مقامی سطح پر بااختیار بنانے کا نظام متعارف کیا جا رہا ہے کارکن لوگوں کو بتائیں کہ ان کا امیدوار اگر تحریک انصاف کی حکومت میں نہ ہو تو اپنا ووٹ ضائع سمجھیں وہ دورہ ہری پور کے دوران نواحی گاؤں کاگ میں سابق ناظم یو سی جٹی پنڈ اعجاز خان کی ہزاروں حامیوں اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعظم سواتی،جنرل سیکرٹری خالد مسعود، وزیراعلی کے مشیر میاں جمشیدالدین، ضلعی صدر کمال غزنوی، سابق صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات یوسف ایوب خان اور دیگر پارٹی راہنماء، کارکنان اور عمائدین علاقہ کی خطیر تعداد میں موجود تھے پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف نے عام انتخابات میں تبدیلی لانے کا وعدہ کیا تھا اور تبدیلی گلی ،نالی،سڑک، پل، ہسپتال اور سکول بنانے سے نہیں آئے گی بلکہ تب آئے گی جب ہم اس گلے سڑے اور فرسودہ نظام کو تبدیل کر غریب عوام کو لوٹ کھسوٹ اور ظلم و ناانصافی و استحصال سے نجات دلائیں گے اس کے لیے پہلے امیر و غریب کے درمیان فرق ختم کرنا ضروری ہے اور وہ پہلا بڑا فرق طبقاتی نظام تعلیم کا ہے جسے ہم نے ختم کرنے کے لیے تمام ہوم ورک مکمل کر لیا ہے اور اگلے مہینے نئے تعلیمی سال کے آغاز سے ہی خیبرپختونخوا میں طبقاتی نظام تعلیم ختم کر کے امیر و غریب سب کے بچوں کیلئے یکساں نظام لاگو کریں گے جو معاشرے میں حقیقی معنوں میں پر امن انقلاب کی بنیاد ہو گا کیونکہ اس سے قبل ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت طبقاتی تفریق کو رواج دے کر ملک بھر کے کروڑوں عوام کا استحصال کیا گیا جسے ہم ختم کر کے دم لیں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مارچ و اپریل کے بلدیاتی الیکشن میں ہم نہایت طاقتور بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس میں تمام تر اختیارات اور فنڈز لوکل اور ویلج کونسلوں کے نمائندوں کے پاس ہوں گے اور تمام سرکاری محکمے بھی ان کونسلوں کے ماتحت ہوں گے انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ کسی بھی سرکاری اہلکار یا افسر کو اپنے کسی بھی جائز کام کے لیے رشوت ہر گز نہ دیں اور انہیں جو بھی سرکاری اہلکار یا افسر ناجائز تنگ کرے یا رشوت طلب کرے تو فوری طور پر وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل سے رابطہ کریں جہاں ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ سائلین کی داد رسی کی جائے گی اور راشی و بد عنوان عملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا انہوں نے کہا کہ پولیس،پٹوار، ہسپتال و سکول اور بعض دیگر محکموں میں تھوڑی بہت تبدیلی عوام محسوس کر چکے ہوں گے آئندہ چند ماہ کے دوران وہ مزید تبدیلیاں دیکھیں گے کیونکہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے عوام سے نظام بدلنے، سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ رشوت و بد عنوانی اور ظلم و ناانصافی کے خاتمے کا وعدہ کر رکھا ہے اور ہم اپنے انتخابی وعدوں سے کسی قیمت پر بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے انہوں نے کہا کہ کوئی ہم سے زیادتی نہ کرے ہم بھی نہیں کریں گے قبل ازیں سابق ناظم یو سی جٹی پنڈ اعجاز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی منافقت بھری سیاست سے مایوس ہو کر جو کہتے کچھ اور کرتے کچھ ہیں جبکہ عمران خان کی فعال قیادت اور وزیراعلیٰ کے غریب پرور اور عوام دوست اقدامات سے متاثر ہو کر پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں اور یہ صرف انکی ہی نہیں بلکہ ہری پور کے تمام غیور و محب وطن لوگوں کی سوچ بن چکی ہے۔