سابق صدر پرویز مشرف بیرون ملک ضمانت پر چلے جائیں گے‘ ن لیگ کی حکومت عوام کو پانچ سالوں میں مہنگائی کے تحفے دے گی‘ سابقہ حکومت کی پالیسیوں سے ن لیگ مشکل میں پھنس گئی ہے‘ شیخ رشید

پیر 13 جنوری 2014 07:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13 جنوری ۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کا کیس ختم ہوجائے گا وفاقی حکومت پرویز مشرف کے ٹرائل کو 12 اکتوبر سے شروع کرے۔ سابقہ حکومت کے فیصلے ن لیگ کی حکومت کے گلے کا طوق بن گئے ہیں نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسائل کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے ن لیگ کی حکومت لوڈ شیڈنگ ‘ مہنگائی اور بے روزگاری ایشو کو چھوڑ کر سابق صدر پرویز مشرف کے فیصلے پر سیاست کررہی ہے سابق صدر کے کیس کا معاملہ ختم ہوجائے گا درمیانی راستہ کے ذریعہ وہ بیرون ملک چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قومی قیادت کی ضرورت ہے جو عوام کے مسائل کو حل کرے۔ مسلم لیگ کے وزراء پارلیمنٹ کو ٹائم نہیں دیتے وزیراعظم نے اب تک دو دفعہ اسمبلی کے اجلاس میں شمولیت کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی گمشدگی کا اشتہار آجائے گا انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں عوام کی آواز پی ٹی آئی ہے وہ ہر صوبے میں آواز اٹھا رہے ہیں پاکستان پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک ہی ٹیم کا حصہ ہیں صدر زرداری کی پالیسیوں کی وجہ سے ن لیگ مشکل میں ہے سابق صدر پرویز مشرف کا تحفہ بھی سابقہ حکومت نے ن لیگ کو دیا ہے جو حکومت کیلئے مشکل بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر بیرونی سازش ہورہی ہے جو پاکستان کو کمزور کررہی ہے بلوچستان میں بیرونی مداخلت کی وجہ سے علیحدگی کی باتیں ہورہی ہیں مسلم لیگ ن کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے اور عوام کو ریلیف دے عوام نے حکومت کے خلاف آواز نہ اٹھائی تو پانچ سال مہنگائی کا تحفہ برداشت کرے گی۔