سی این جی اسٹیشن کی بندش کے خلاف سی این جی مالکان اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی مشترکہ ہڑتال مکمل طور پر ناکام ہو گئی، شہر میں بیشتر سی این جی اسٹیشنز کھلے رہے، پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں پر رواں دواں رہی

اتوار 12 جنوری 2014 07:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جنوری۔2013ء) سی این جی اسٹیشن کی بندش کے خلاف سی این جی مالکان اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی مشترکہ ہڑتال مکمل طور پر ناکام ہو گئی،ہفتہ کی صبح 8بجے سے شہر میں بیشتر سی این جی اسٹیشنز کھلے رہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں پر رواں دواں رہی ،تاہم حکومت نے ہڑتال کی خبروں کانوٹس ضرور لے لیا اور سی این جی اسٹیشنز کی مسلسل 48گھنٹوں کی بندش کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے بندش کا پرانا شیڈول بحال کر دیا جس کے بعد ہفتہ کی دوپہر سی این جی ایسوسی ایشن اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے ہڑتال ختم کرنے کا رسمی اعلان کیا۔

تفصیلات کے مطابق آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے سوئی گیس حکام کی جانب سے جمعرات اور جمعہ کو سی این جی اسٹیشنز کی48گھنٹوں کی بندش کے خلاف ہفتہ کے روز ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

سوئی گیس حکام نے ہفتہ کی صبح8بجے سی این جی اسٹینشنز کھولنے کی اجازت دیدی تھی تاہم آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے اس اقدام کے خلاف ہڑتال کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر سی این جی مالکان اور ٹرانسپورٹرز نے کوئی کان نہ دھراکیونکہ شہر کے مختلف علاقوں میں صبح8بجے کے بعد بیشتر سی این جی اسٹیشنز کھل گئے تھے جہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں البتہ بعض سی این جی اسٹیشنز بند رہے اسی طرح کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر رواں دواں رہی البتہ48گھنٹوں کی بندش کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ روایتی طور پر معمول سے کم رہی ۔

اس ضمن میں سی این جی ایسوسی ایشن کے ذمہ داروں نے بتایا کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم خاقان عباسی نے سی این جی اسٹیشنز کو48گھنٹے بند رکھنے کے بجائے24گھنٹے بند کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اس طرح24گھنٹے سی این جی اسٹینشنز بند اور 24گھنٹے سی این جی اسٹیشنز کھلے رہیں گے جس سے ٹرانسپورٹرز اور سی این جی مالکان زیادہ متاثرنہیں ہوں گے ۔ گیس بندش کا پرانا شیڈول بحال کرنے کے بعد سی این جی ایسوسی ایشن اورکراچی ٹرانسپورٹ اتحادنے رسمی طور پر ہفتہ کی دوپہر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :