آصف زرداری کی زیر صدارت خیبر پختونخواہ پیپلز پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس، خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی الیکشن کی تیاری اور ملکی صورتحال پر غور، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی مضبوطی کیلئے عام انتخابات میں نتائج کو تسلیم کیا تھا، بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے لیے میدان خالی نہیں رکھیں گے، حکو مت کی نجکاری پالیسیوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے، بے روزگار ہونے والے لاکھوں لوگوں کے مستقبل کے حوالے سے بھرپور آواز اٹھائی جائے ، دہشتگردوں کو ٹف ٹائم دینگے اور بہادری کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کرے ،سابق صدر کا خطاب

اتوار 12 جنوری 2014 07:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جنوری۔2013ء) سابق صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت خیبر پختونخواہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی الیکشن کی تیاری اور ملکی صورتحال پر غور کیا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے ہنگو میں شہید ہونے والے اعتزاز حسین اور چوہدری اسلم کی شہادت کی قربانیوں کو سلام پیش کیا سابق صدر نے کہا کہ اعتزاز حسین نے جان پر کھیل کر دہشتگردی کے بڑے منصوبے کو ناکام بنایا اور سینکڑوں معصوم طالبعلموں کی جان بچائی وہ قومی ہیرو ہیں ۔

اجلاس میں سابق صدر آصف علی زر داری نے کے پی کے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی مضبوطی کیلئے عام انتخابات میں نتائج کو تسلیم کیا تھا بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے لیے میدان خالی نہیں رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

سابق صدر نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ حکومت پاکستان کی نجکاری پالیسیوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور بے روزگار ہونے والے لاکھوں لوگوں کے مستقبل کے حوالے سے بھرپور آواز اٹھائی جائے ۔

اجلاس میں سابق صدر نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے اغواء ہونے والے بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کیلئے بھی تشویش کا اظہار کیا اور حکومت پاکستان سے علی حیدر کی بازیابی کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی سفارش کی ہے اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھی ایسے غورو حوض کیا گیا سابق صدر نے کہا کہ پی پی پی شہیدا کی جماعت ہے دہشتگردوں کو ٹف ٹائم دینگے اور بہادری کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کرے گی ۔