الیکشن کمیشن کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ ،شیڈول میں معمولی ردوبدل، کاغذات نامزدگی 14جنوری تک واپس لئے جاسکتے ہیں، حتمی فہرست 15جنوری کو جاری ہوگی

اتوار 12 جنوری 2014 07:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جنوری۔2013ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شیڈول میں معمولی ردوبدل کردیا،اب کاغذات نامزدگی 14جنوری تک واپس لئے جاسکتے ہیں اور حتمی فہرست 15جنوری کو جاری ہوگی،الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 13جنوری کو لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم ہونے کی صورت میں انتخابات مقررہ تاریخ پر ہی ہوں گے تاہم ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل نہ ہوا تو نیا شیڈول جاری ہوگا اور انتخابات13 مارچ کو ہی ہوں گے،نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا عمل جاری رہے گا،تاہم کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ12 کی بجائے14جنوری ہوگی اور امیدواروں کی حتمی فہرست 13 کی بجائے15فروری کو جاری کی جائے گی،سندھ کے شیڈول میں بھی یہی تبدیلی ہے،باقی شیڈول پرانا ہی برقرار ہے،پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مقدمہ کی سماعت13جنوری کو ہوگی،اگر سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کیا تو شیڈول تبدیل نہیں ہوگا اور انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے،تاہم اگر ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل نہ کیا گیا تو پھر نیا شیڈول جاری ہوگا اور حلقہ بندیوں کے بعد انتخابات ہوں گے تاہم انتخابات کی تاریخ13مارچ ہی ہوگی۔