پرویز مشرف کی صحت میں بہتری، ہسپتال سے ڈسچارج کئے جانے کا امکان،ہر ہفتے مکمل او پی ڈی چیک اپ کے لئے اسپتال آنا پڑے گا، پرویز مشرف کو دل کے عارضے کے لئے دی جانے والی ادویات 3 ماہ تک جاری رکھنے کا مشورہ بھی دیئے جانے کا امکان،فی الحال ڈسچارج ہونے کا کوئی امکان نہیں ، وکیل احمد رضا قصوری ، مشرف سے انکے وکلاء انور منصور اور فیصل چوہدری کی ملاقات، قانونی امور پر مشاورت

اتوار 12 جنوری 2014 07:27

راو لپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جنوری۔2013ء )آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سابق صدر پرویز مشرف کی صحت میں بہتری کے بعد انہیں آج اسپتال سے ڈسچارج کئے جانے کا امکان ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سابق صدر کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز پرامید ہیں کہ پرویز مشرف کی صحت میں کافی بہتری آچکی ہے جس کے بعد میڈیکل بورڈ نے پرویز مشرف کو ڈسچارج کرنے کے لئے سرجوڑ لئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی صحت بہتری کے بعد ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں اسپتال سے آج یا کل ڈسچارج کیا جاسکتا ہے تاہم انہیں ہر ہفتے مکمل او پی ڈی چیک اپ کے لئے اسپتال آنا پڑے گا جب کہ پرویز مشرف کو دل کے عارضے کے لئے دی جانے والی ادویات 3 ماہ تک جاری رکھنے کا مشورہ بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے غداری مقدمے میں خصوصی عدالت جاتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کو اچانک دل میں تکلیف کے باعث آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ اب تک زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد انہیں 16 جنوری کو طلب کر رکھا ہے جب کہ گزشتہ روز عدالت نے ضابطہ فوجداری سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ ا آرٹیکل 6 کے تحت غداری کیس میں ضابطہ فوجداری کا اطلاق ہوگا جس کے باعث عدالت ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرسکتی ہے۔سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ مشرف کا ہسپتال میں علاج جاری ہے اور ان کا فی الحا ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔

ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز مشرف کے غداری کیس میں وکیل احمد رضا قصوری نے کہا کہ پرویز مشرف کا علاج اے ایف آئی سی یو میں جاری ہے اور وہ اس وقت تک ہسپتال سے ڈسچارج نہیں ہونگے جب تک ان کو ڈاکٹرز اجازت نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مشرف کی طبعیت سولہ جنوری تک مکمل ٹھیک ہوگئی اور وہ چلنے پھرنے کے قابل ہوگئے تو پھر وہ عدالت میں ضرور پیش ہونگے جس طرح انہوں نے ماضی میں عدالتوں کا سامنا کیا احمد رضا قصوری نے کہا کہ مشرف کے دل میں عدالتوں کیلئے بہت عزت اور احترام موجود ہے ۔

دوسری جانب سابق صدر پرویز مشرف سے ان کے وکلاء انور منصور اور فیصل چوہدری کی ملاقات میں قانونی امور پر مشاورت کی گئی،نجی ٹی وی کے مطابق ہفتہ کے روز مشرف کے وکلاء انور منصور اور فیصل چوہدری نے اے ایف آئی سی میں ان سے ملاقات کی جو ایک گھنٹہ سے زائد وقت جاری رہی،اس ملاقات میں وکلاء سے قانونی امور پر پرویز مشرف نے مشاورت کی۔

متعلقہ عنوان :