اسلام آباد، ایس ای سی پی کی چھ ارب روپے کے ریٹیل سکوک بانڈزجاری کرنے کی منظوری ،سکوک بانڈز پہلی بار چھوٹے سرمایہ کاروں کیلئے سٹاک مارکیٹ میں جاری کئے جائیں گے

ہفتہ 11 جنوری 2014 07:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جنوری۔2014ء)سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ملک میں اسلامی مالیاتی مارکیٹ کے فروغ کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے، پہلی بار سٹاک مارکیٹ کے ذریعے رٹیل سکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں پہلی بار کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چھ ارب روپے مالیت کے سکوک بانڈزجاری کئے جائیں گے۔

کے ای ایس چی کے سکوک کراچی سٹاک ایکسچینج میں لسٹ کئے جائیں گے۔ سٹاک مارکیٹ میں اسلامی سکوک فروخت کے لئے پیش کئے جانے سے نہ صرف عام سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہو گا۔ سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے ان سکوک بانڈز کی Pre-IPO نہیں کی جائے گی جبکہ یہ سکوک رٹیل میں فروخت کے لئے پیش کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

سکوک بانڈز تین اقسام کے ہوں گے۔ پہلی قسم کے سکوک جن کی مالیت 75 کروڑ روپے اور مچورٹی کی مدت 13مہینے ہو گی، دوسری قسم تین ارب 75کروڑ روپے کے سکوک کی ہے جو کہ تین سال کی مدت رکھتے ہیں جبکہ تیسری قسم پانچ سالہ مدت رکھنے والے سکوک کی ہے جن کی مالیت ایک ارب پچاس کروڑ روپے ہے ۔ پہلی قسم کے سکوک بانڈز پر شرح منافع 1M KIBOR +100 bps ہے جبکہ تین سالہ مدت رکھنے والے سکوک بانڈز پر شرح منافع 3M KIBOR + 225 bps ہے۔

پانچ سالہ مدت کے سکوک بانڈز پر شرح منافع سب سے زیادہ 3M KIBOR + 275 bps رکھی گئی ہے۔ ایس ای سی پی ملک میں اسلامی مالیاتی مارکیٹ کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کر رہا ہے جن سے نہ صرف سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا بلکہ ان کہ سرمایہ کاری مزید محفوظ ہو گی ۔ یاد رہے ان تک 637.47ارب روپے مالیت کے 78سکوک بانڈز جاری کئے جا چکے ہیں جن میں سے100ارب روپے سے زائد مالیت کے32سکوک میچور ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :