حکومت تعلیم کو معاشرے کے تمام طبقوں کیلئے آسان ، قابل رسائی اور ارزاں بنانے کے مشن پر کام کر رہی ہے،صدرممنون حسین،پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس سے ملک کی معاشی ترقی کے علاوہ اقوام عالم میں پاکستان کا اعتدال پسند تشخص اجاگر کرنے میں مدد ملے گی،پی آئی ایف ڈی کے سکرول پر دستخط کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 11 جنوری 2014 06:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جنوری۔2014ء)صدرممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت تعلیم کو معاشرے کے تمام طبقوں کیلئے آسان ، قابل رسائی اور ارزاں بنانے کے مشن پر کام کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ا نسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن (پی آئی ایف ڈی) کے گریجویٹس کے سکرول پر دستخط کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدرمملکت نے ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے حکومت کے ٹھوس عزم کا اظہار کرتے ہوئے تعلیم کو ترقی کا بڑا ذریعہ قرار دیا ہے جو ملک کی تقدیر سنوار سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت علم پر مبنی معیشت کے نصب العین پر عمل کے علاوہ معاشرے کے تمام طبقات کے لئے آسان، قابل رسائی اور قابل استطاعت تعلیم کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پی آئی ایف ڈی ٹیکسٹائل، جیمز اینڈ جیولری، فرنیچر، چمڑا اور فیشن ڈیزائن سمیت مختلف شعبوں میں پیشہ وارانہ تعلیم کے فروغ کے لئے نمایاں کردار ادا کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کی معاشی ترقی کے علاوہ اقوام عالم میں پاکستان کا اعتدال پسند تشخص اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔انسٹی ٹیوٹ کی قائم مقام وائس چانسلر حنا طیبہ نے صدر کو ، جو ادارے کے چانسلر بھی ہیں ، گریجویٹس کے سرٹیفکیٹس پیش کئے۔تقریب میں سیکرٹر ی کامر س قاسم ایم نیاز ،ڈی جی ایچ آر پی آئی ایف ڈی محمد زاہد خان ،کنٹرولر امتحانات پی آئی ایف ڈی محمد یاسین نے بھی شرکت کی۔