کوئٹہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سے وفاقی وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور سعودی سفیر کی ملاقات ،بلوچستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ والہانہ محبت اور عقیدت رکھتے ہیں،مالک بلوچ، سعودی عرب زلزلہ متاثرین کی بحالی اور امداد سے متعلق جائزہ لے گا،سعودی سفیر

ہفتہ 11 جنوری 2014 07:13

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جنوری۔2014ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے جمعہ کے روز وفاقی وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی ا ور پاکستان میں متعین سعودی عرب کے سفیر عبدالعزیز الغدیر نے یہاں کوئٹہ میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ والہانہ محبت اور عقیدت رکھتے ہیں ،مصیبت کی گھڑی میں سعودی عرب نے ہمیشہ ملک اور بلوچستان کے عوام کی دل کھول کر امداد کی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ،صوبائی حکومت بلوچستان میں معدنیات، فشریز ، زراعت و دیگر شعبوں میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریگی اور سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے ، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے آواران زلزلہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا آواران میں زلزلہ کے باعث 30ہزار مکانوں کو شدید نقصان پہنچا حکومت نے بروقت امدادی کاموں کا آغاز کرکے انسانی جانوں کے ضیاع کو کم کیا، جبکہ امدادی اشیاء کی تقسیم کا انتہائی شفاف نظام وضع کرکے تمام امدادی اشیاء متاثرین تک پہنچائی گئی اور کہیں سے بھی بد انتظامی اور بد عنوانی کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ، اس موقع پر سعودی سفیر عبدالعزیز الغدیر نے کہا کہ سعودی عرب مصیبت اور قدرتی آفت کے نتیجے میں اپنے بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گا، انہوں نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی اور امداد سے متعلق سعودی عرب جائزہ لے گا۔