میانوالی میں وزیراعلی پنجاب کے جلسے میں اساتذہ کی شرکت کو لازمی قرار دے دیا گیا، پنڈال اساتذہ سے بھرگیا‘ پنڈال میں اساتذہ کی حاضریاں بھی لگتی رہیں، شہباز شریف کا میانوالی کے جلسہ میں اساتذہ اور طلباء کی شرکت لازم قرار دینے کا سخت نوٹس،رپورٹ طلب،چےئرمین وزیراعلی معائنہ ٹیم کو انکوائری کا حکم

جمعرات 9 جنوری 2014 07:39

میانوالی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء) میانوالی میں وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے جلسے میں اساتذہ کی شرکت کو لازمی قرار دے دیا گیا‘ پنڈال اساتذہ سے بھرگیا‘ پنڈال میں اساتذہ کی حاضریاں بھی لگتی رہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو میانوالی میں وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا جلسہ ہونا تھا جسے کامیاب بنانے اور پنڈال کو عوام سے بھرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو سخت ہدایات دی گئیں۔

ضلعی انتظامیہ نے مقامی لوگوں کو پنڈال میں لانے کی بجائے محکمہ تعلیم کو استعمال کرتے ہوئے مقامی سکولوں کے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ جلسے میں ضرور شرکت کریں۔ انتظامی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مقامی سکول کے تمام اساتذہ جلسہ گاہ پہنچ گئے اور طلباء سکولوں میں فارغ بیٹھ کر گھروں کو چلے گئے‘ اور تو اور پنڈال میں اساتذہ کی حاضریاں بھی لگتی رہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا میں خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلی پنجاب نے اساتذہ کی شرکت کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او میانوالی سے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی۔ جلسے میں شرکت کرنے والے اساتذہ کا کہنا تھا کہ جلسہ میں شرکت کیلئے ای ڈی او کی جانب سے احکامات جاری ہوئے تھے۔ادھروزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے میانوالی کے جلسہ میں اساتذہ اور طلباء کی شرکت کو لازم قرار دینے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او میانوالی سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔وزیراعلی نے چےئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس واقعہ کی مکمل انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرے اور اساتذہ اور طلبا ء کی جلسہ میں شرکت لازم قرار دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :