لاہور ہائیکورٹ ،پرویز مشرف کی غیر ضروری تشہیر کیخلاف دائر درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور

جمعرات 9 جنوری 2014 07:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء)لاہور ہائیکورٹ نے پرویز مشرف ، الطاف حسین ، علامہ طاہر القادری اور بابر اعوان کی غیر ضروری تشہیر کیخلاف دائر درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لی۔مسٹر جسٹس اعجاز احمد کی عدالت میں درخواست گزار آفاق احمد کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا کہ پرویز مشرف نے دو بار آئین توڑا اور ایمرجنسی نافذ کی ان اقدامات کو سپریم کورٹ کالعدم قرار دے چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پرویز مشرف کو آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے معیار پر پورا نہ اترنے کی بناء پر انتخابات میں حصہ لینے کے لئے نااہل قرار دے چکا ہے۔ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین اور علامہ طاہر القادری دوہری شہریت کی وجہ سے ملکی سیاست میں حصہ نہیں لے سکتے آئے روز بیانات جاری کرکے ملک میں انتشار پھیلاتے ہیں جبکہ بابراعوان کا وکالت کا لائسنس سپریم کورٹ معطل کرچکی ہے اور ان کیخلاف بھی کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں پرویز مشرف ، الطاف حسین ، علامہ طاہر القادری اور بابر اعوان کی غیر ضروری تشہیر عدالتی احکامات کی توہین کے مترادف ہے لہذا عدالت ان کی غیر ضروری تشہیر روکنے کے لئے احکامات صادر کرئے۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت نے رجسٹرار آفس کی طرف سے دائر اعتراض مسترد کرتے ہوئے پٹیشن کو ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لیا۔