حکومت بلوچستان میں حالات بہتر بنانے اور امن وامان بحال کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،زلزلہ متاثرین کی بحالی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، متاثرین کی بحالی کے لیے اپنے وسائل آخری حد تک استعمال کریں گے، وزیر اعلیٰ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 9 جنوری 2014 07:36

آواران (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں حالات کوبہتر بنانے اور امن وامان بحال کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ، ڈسٹرکٹ آواران کے زلزلہ متاثرین کی بحالی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، صوبائی حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے اپنے وسائل آخری حد تک استعمال کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس آواران میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر زلزلہ متاثرین کو حکومت بلوچستان کی جانب سے 5لاکھ اور بحریہ ٹاؤن کی جانب سے 1لاکھ روپے فی خاندان کے چیک دیئے گئے ،تقریب میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ ،ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو،میر طاہر بزنجو، چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد ، اے سی ایس اسلم شاکر بلوچ، سیکریٹری صحت عبدالصبور کاکڑ ، سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیوحاجی علی احمد مینگل ، آئی جی ایف سی ، آئی جی پولیس ، پرنسپل سیکریٹری وزیر اعلیٰ بلوچستان محمد نسیم لہڑی ، فوج ، ایف سی اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداراں بھی موجود تھے ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ ان کی ٹیم نے اس بات کا تہیہ کر رکھا ہے کہ ایک نیا آواران بنائیں گے ، جس میں تعلیم ، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات مہیا ہوں گی، انہوں نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں نہ صرف وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلکہ پوری قوم آواران کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے ، انہوں نے کہا کہ ان کا اولین مقصد ہی بلوچستان کے عوام کی خدمت اور ترقی ہے اور وہ اس میں ضرور کامیاب ہوں گے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت، وفاقی حکومت ، سندھ، پنجاب اور کے پی کے حکومتوں کی مشکور ہے جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں بلوچستان کے عوام کا ساتھ دیا ، وزیر اعلیٰ نے ان مخیر حضرات کا بھی شکریہ ادا کیا ، جنہوں نے زلزلہ متاثرین کی بھر پور امداد کی ، اس موقع پر انہوں نے بحریہ ٹاؤن کا بھی شکریہ ادا کیا جو ضلع آواران میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کے سلسلے 3سو رہائشی مکانات تعمیر کر رہی ہے ، بحریہ ٹاؤن کے اس عمل کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت اور بلوچستان کے عوام بحریہ ٹاؤن کے اس اقدام کو کبھی فراموش نہیں کر یں گے، اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ضلع آواران کے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کی بحالی کے لیے تعاون کریں،انہوں نے ضلع آواران کے عوام سے یہ اپیل بھی کی کہ اپنے بچوں کو پڑھائیں تاکہ وہ ایک بہتر اور صحت مند معاشرے کے قیام میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں۔