ن لیگ کے انتخابی وعدے محض دھوکہ تھے ، اپنے وعدوں سے مکرنے والے الزام تراشی کی سیاست بند کردیں ، عمران خان ،خیبر پختونخواہ کی بجلی کا مکمل نظام ہمیں دیا گیا تو صوبے کی عوام کو سستی بجلی فراہم کرینگے اور بجلی چوروں کو لگام دے کر لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرینگے، کے پی کے میں بجلی چوری کا الزام لگانے والے اتفاق فاؤنڈری کا بھی حساب ذہن میں رکھیں، ضلعی وفوداور مختلف ونگز کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 9 جنوری 2014 07:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ کے انتخابی وعدے محض ایک دھوکہ تھے ، اپنے وعدوں سے مکرنے والے الزام تراشی کی سیاست بند کردیں ، خیبر پختونخواہ کی بجلی کا مکمل نظام ہمیں دیا گیا تو صوبے کی عوام کو سستی بجلی فراہم کرینگے اور بجلی چوروں کو لگام دے کر لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرینگے، کے پی کے میں بجلی چوری کا الزام لگانے والے اتفاق فاؤنڈری کا بھی حساب ذہن میں رکھیں ۔

وہ بدھ کو پارٹی کے ضلعی وفوداور مختلف ونگز کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین ، سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری ، جنرل سیکرٹری سندھ حفیظ الدین ، اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی ، اراکین صوبائی اسمبلی ثمر علی خان ، خرم شیر زمان ، ڈاکٹر سیما ضیاء اور پارٹی کے رہنما ، نجیب ہارون ، عمران اسماعیل ، فردوس شمیم نقوی ، علی زیدی، نعیم الحق ، علی جی جی ، فیصل واوڈا ، سبحان علی ساحل ،جمال صدیقی ، ہمایوں خان سواتی ، دوا خان صابر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے دفاع کے لیے قوم کے اربوں روپے خرچ کیے اور عوام کو مہنگائی کے دلدل میں دھکیل دیا ۔ اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لیے قوموں کو بانٹا جارہا ہے اور حالیہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کی پذیرائی سے خوفزدہ عناصر اپنے سیاسی مفادات کے لیے مختلف قسم کے فارمولے پیش کررہے ہیں جو کسی صورت قبول نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی عوام تبدیلی کے لیے ووٹ دینگے اور آنے والا وقت بتائے گا کہ تحریک انصاف ہی عوام کی نمائندہ جماعت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے عوام کے جان مال کے تحفظ نہ کرنے والے حکمران کسی طور حکمرانی کے لائق نہیں ہیں ، کراچی کی عوام کو اس کا امن اور سکون لوٹائینگے ۔

عمران خان نے کہا کہ میں اب باقاعدگی سے سندھ کا دورہ کروں گا اور ان غاصب حکمرانوں اور سیاست دانوں کے چنگل میں پھنسی اس عوام کو کسی طور تنہا نہیں چھوڑوں گا کیونکہ یہ بزدل حکمران اور سیاست دان نہ پہلے عوام کے خیر خواہ تھے اور نہ کبھی ہوسکیں گے ، عوام کو اپنی ذات اور اپنی سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنے والوں کے دوکان بہت جلد بند ہونے والی ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے مشکل اور اہم وقت ہے انہوں نے کہا کہ حضرت علی کا قول ہے کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ظلم کا نظام نہیں چل سکتا اور یہ ظلم کا نظام ہے غریب اگر غلطی کرے تو جیل میں چلا جاتا ہے اور اگر کوئی بڑا ظلم کرے تو اسے این آر او مل جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان کے لیے وہ وقت دور نہیں کہ جب وہ دوبارہ کراچی کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے اور کراچی کو منی پاکستان بنایاجائیگا۔