یمن کا پاکستان کو ایل این جی برآمدکرنے پر اتفاق،باقاعدہ معاہدہ یمن کے وزیر تیل و معدنیات کے مجوزہ دورہٴ پاکستان کے موقع پر متوقع، ترجیحی اور آزادانہ تجارتی معاہدے کیلئے مذاکرات کے جلدآغاز کافیصلہ، پاکستان ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل ، زرعی اجناس ، زرعی مشینری اور برقی آلات میں یمن کی ضروریات پوری کرے گا، پاکستان یمن مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں فیصلے، پاکستان یمن مشترکہ بزنس کونسل قائم کی جائے گی ، پہلا اجلاس رواں سہ ماہی میں منعقد کیا جائے گا،غلام مرتضیٰ جتوئی

جمعرات 9 جنوری 2014 07:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء ) یمن نے پاکستان کو ایل این جی برآمدکرنے پر اتفاق کیا ہے اس سلسلے میں باقاعدہ معاہدہ یمن کے وزیر تیل و معدنیات کے مجوزہ دورہٴ پاکستان کے موقع پر متوقع ہے جبکہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اور یمن ترجیحی تجارتی معاہدے اور آزادانہ تجارتی معاہدے کیلئے مذاکرات کا جلدآغاز بھی کریں گے ، پاکستان ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل ، زرعی اجناس ، زرعی مشینری اور برقی آلات میں یمن کی ضروریات پوری کرے گا۔

یہ فیصلے بدھ کو پاکستان یمن مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں کئے گئے جس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی اوریمن کی نمائندگی وزیر صنعت و تجارت ڈاکٹر سعدالدین علی سالم طالب نے کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا کہ پاکستان یمن مشترکہ بزنس کونسل قائم کی جائے گی جس میں دونوں ممالک کے نمایاں سرمایہ کار شامل ہوں گے ۔

(جاری ہے)

اس کا پہلا اجلاس 2014ء کی پہلی سہ ماہی میں منعقد کیا جائے گا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور یمن کے مسائل مشترکہ ہیں، امیدیں ایک جیسی ہیں ۔ ان مسائل کو حل کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جانی چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان یمن تعاون کا ایک نیا روڈ میپ تیار کریں گے ۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کی ضروریات اور مختلف شعبوں میں پیداواری استعداد کا تفصیلی جائزہ لے کر ماہرانہ خدمات پیش کریں گے ۔

پاکستان ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل ، زرعی اجناس ، زرعی مشینری اور برقی آلات میں یمن کی ضروریات پوری کرے گا۔ کمیشن کی دو روزہ میٹنگ کے دوران تجارت، کامرس ، فنانس ، سرمایہ کاری ، تعلیم ، پیشہ ورانہ تعلیم ، صحت ، زراعت ، ماہی گیری اور انفرااسٹرکچر ڈویلپمنٹ جیسے شعبے پر تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ پاکستان کے دورے کے دوران یمن کے وزیر صنعت و تجارت نے صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان سے بھی ملاقاتیں کیں ۔

انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔یمن کے وزیر صنعت و تجارت نے پاکستان کے وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی کو یمن کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ یمن مستقبل نزدیک میں ایک نئے ملک کی صورت میں دنیا کے نقشے پر ابھرے گا جس میں تجارت ،سرمایہ کاری، تعلیم ،رہائش کے بے شمار مواقع ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ یمنی حکومت اور عوام کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان کی صورت میں انہیں ایک قابل اعتماد ساتھی مل گیا ہے جس کے ساتھ تمام شعبوں میں مضبوط تعاون کی امید ہے ۔ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اختتامی سیشن میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدوں پر غلام مرتضیٰ جتوئی اور ڈاکٹر سعد الدین علی سالم طالب نے دستخط کئے ۔ اس موقع پر پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور یمن اسٹینڈرڈ یزیشن ، میٹرولوجی اور کوالٹی کنٹرول آرگنائزیشن کے درمیان تعاون کے معاہدہ پر بھی دستخط کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :