سابق صدر آصف علی زرداری احتساب عالت میں پیش ہونے کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے، آصف زرداری کی نیب کورٹ میں پیشی ، نئی روایت کا آغاز، نیب عدالت میں پیشی آصف علی زرداری کی اہم پارٹی رہنماؤں سے مشاورت ،فاروق نائیک کا آصف زرداری کی سیکورٹی کیلئے وزارت داخلہ کو خط

جمعرات 9 جنوری 2014 07:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء) سابق صدر آصف علی زرداری احتساب عالت میں پیش ہونے کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے ۔ اسلام آباد پہنچنے پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے سابق صدر کا شاندار استقبال کیا ۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ آصف علی زرداری نے ائرپورٹ پر کارکنوں کے نعروں کا جواب ہاتھ ہلا کر دیتے رہے ۔

سابق صدر آصف علی زرداری آج ( جمعرات کو )نیب کورٹ میں پیش ہو کر نئی روایت کا آغاز کرنے کے ساتھ ساتھ نئی بحث کا بھی آغاز کر دیں گے کہ اگر سویلین صدر عدالتوں کو احترام میں خود پیش ہو سکتا ہے تو جرنیل عدالتوں میں کیوں پیش نہیں ہوتے؟۔سابق صدر احتساب عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے پر گزشتہ روز اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں نئے دو سابق وزرائے اعظم نے ان کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر استقبال کیے۔

(جاری ہے)

سابق صدر کا اسلام آباد آنے کا مقصد احتساب عدالت کی طرف سے ان کی طلبی کا وہ نوٹس ہے جس کی پیروی میں وہ آج احتساب عدالت میں اپنے وکیل اور سابق وزیر قانون و انصاف فاروق ایچ نائیک کے ہمراہ پیش ہوں گے۔سابق صدر کی عدالت میں پیشی کو بڑی کا حامل قرار دیا جا رہا ہے اس سے جہاں عدالتوں کی احترام کی نئی روایات قائم ہوں گی وہیں یہ سوال بھی اٹھے گا کیا کیا عدالتوں کا احترام صرف سویلین حکمرانوں پر فرض ہے ؟کیا عسکری قیادت قانون اور عدالتوں کا احترام ملحوظ خاطر رکھنے کی پابند نہیں ۔

سابق صدر کی عدالت میں پیشی سے جہاں قانون کی بالادستی کو تقویت ملے گی وہیں نظام انصاف میں موجود خامیاں بھی کھل کر سامنے آئیں گی اور ایک نئی بحث کا آغاز ہو جائے گا کہ اگر سویلین صدر عدالت کے احترام میں پیش ہو سکتے ہیں تو سابق آمر کیوں نہیں۔سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اپنے چیف ڈیفنس کونسل فاروق ایچ نائیک ساتھ نیب عدالت کے سامنے پیش ہونگے اس حوالے سے انہوں نے پارٹی کے اہم رہنماؤں سے مشاورت بھی کرلی ہے ۔

بدھ کے روز خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ احتساب عدالتوں کی احکامات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری آج عدالت میں زیر التواء مختلف مقدمات کے حوالے سے عدالت میں پیش ہونگے ان کے ساتھ ان کے چیف ڈیفنس کونسل سینیٹر فاروق ایچ نائیک بھی ہونگے ۔ عدالت کے سامنے پیش ہونے کیلئے صدر آصف علی زرداری اسلام آبادمیں پہنچ چکے ہیں جہاں پرانہوں نے اہم پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کرکے اس حوالے سے مشاورت بھی کرلی ہے ۔

ادھرپیپلزپارٹی کے رہنما و سابق صدر آصف زرداری کے چیف ڈیفنس کونسل فاروق ایچ نائیک نے سابق صدر آصف علی زرداری کی آج (جمعرات کو) احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکورٹی کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فاروق ایچ نائیک نے اپنے خط کے متن میں کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو سیکورٹی خطرات لاحق ہیں لہذا آج عدالت میں پیشی کے موقع پر انہیں مکمل سیکورٹی دی جائے اور بلٹ پروف گاڑی اور بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ بھی فراہم کیا جائے۔