’زندگی بھر کا دکھ‘: والکاٹ عالمی کپ سے باہر،انگلینڈ فٹ بال ٹیم کے فارورڈ تھیو والکاٹ گھٹنے میں چوٹ لگنے کے باعث رواں سال جون اور جولائی میں برازیل میں ہونے والے فٹ بال کے عالمی مقابلوں میں انگلینڈ کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے

بدھ 8 جنوری 2014 03:49

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جنوری۔2014ء)انگلینڈ فٹ بال ٹیم کے فارورڈ تھیو والکاٹ گھٹنے میں چوٹ لگنے کے باعث اس سال جون اور جولائی میں برازیل میں ہونے والے فٹ بال کے عالمی مقابلوں میں انگلینڈ کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق تھیو والکاٹ لندن شہر کے کلب آرسنل کی طرف سے کھیلتے ہیں۔ وہ زخمی گھٹنے کی وجہ سے اگلے چھ ماہ تک فٹ بال کے میچوں سے باہر رہیں گے۔

انگلینڈ کے سابق کھلاڑی ایئن رائٹ کا کہنا ہے کہ تھیو والکاٹ کو زخمی گھٹنے کی وجہ سے عالمی کپ میں انگلینڈ کی طرف سے نہ کھیلنے کا دکھ ساری زندگی رہے گا۔تھیو والکاٹ نے مئی 2006 میں ہنگری کے خلاف میچ میں پہلی مرتبہ انگلینڈ کی طرف سے کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر صرف 17 برس 75 دن تھی۔

(جاری ہے)

،آرسنل کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ تھیو کو زخمی گھٹنے کا آپریشن کرانا پڑے گا جس کی وجہ سے وہ اگلے چھ ماہ تک فٹ بال نہیں کھیل سکیں گے۔

والکاٹ کے زخمی ہونے کی خبر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کی ٹیم کے ایک اور کھلاڑی آرن رمزی نے لکھا: ’میں تھیو کے لیے غمگین ہوں۔ لیکن وہ پہلے سے زیادہ بہتر ہو کر ٹیم میں واپس آئیں گے۔ اس سیزن میں وہ ٹیم کے لیے بہترین ثابت ہوئے۔ جلد صحت یاب ہو جاوٴ دوست۔یاد رہے کہ فٹ بال کے عالمی کپ کے مقابلے 12 جون سے برازیل میں شروع ہو رہے ہیں اور عالمی کپ کے افتتاح کے دو دن بعد انگلینڈ کا پہلا میچ اٹلی کے خلاف ہے