پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ آج سے دبئی میں شروع ہوگا ، دونوں ٹیموں میں تبدیلیاں تو ضرور ہوں گی، مقابلہ جم کر ہو گا ،کامیابی کے لیے پوری کوشش کریں گے، دبئی کی وکٹ پر اسپنرز کا کرداراہم ہوگا ،مصباح الحق،سری لنکا کو میچ سے قبل انجری مسائل نے آگھیرا ، کلاسکیرا کے بعد تھریمانے بھی سیریز سے باہر ہوگئے،دبئی اسٹیڈیم میں پاکستانی نے پانچ ٹیسٹ کھیلے ۔ تین جیتے،ایک ہارا اور ایک میچ ڈرا رہا

بدھ 8 جنوری 2014 03:48

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جنوری۔2014ء)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ آ ج بدھ سے دبئی میں شروع ہوگا۔دونوں ٹیمیں تیاریوں میں مصروف ہیں ،ابوظبی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ٹیم پاکستان کا پلڑا بھاری رہا، جہاں بولرز کی کارکردگی اچھی رہی اوربیٹنگ بھی خوب ہوئی لیکن سری لنکن کپتان میچ بچانے میں کامیاب ہو گئے۔دوسرے ٹیسٹ کے لیے دونوں ٹیمیں بھرپور انداز میں تیاریاں کر رہی ہیں۔

دبئی ٹیسٹ میں دونوں ٹیموں میں تبدیلیاں تو ضرور ہوں گی،لیکن مقابلہ جم کر ہو گا،عدنان اکمل کی جگہ لینے والے وکٹ کیپر سرفراز احمد نے ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔ دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں فاسٹ بولر راحت علی کی جگہ لیفٹ آرم سپنر عبدالرحمان کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ دبئی کی وکٹیں مختلف ہیں۔

(جاری ہے)

کامیابی کے لیے پوری کوشش کریں گے۔

دوسری جانب سری لنکن ٹیم بھی دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے پرامید ہے۔ آئی لینڈرز ٹیم میں زخمی لاہیرو تھریمانے کی جگہ کوسال پریرا کو شامل کر لیا گیا ہے،ٹیمیں بدھ سے دبئی میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ سری لنکا کو میچ سے قبل انجری مسائل نے آگھیرا ہے۔ کلاسکیرا کے بعد تھریمانے بھی سیریز سے باہر ہوگئے۔ دوسری جانب پاکستان کے کپتان مصباح الحق کہتے ہیں دبئی کی وکٹ پر اسپنرز کا کرداراہم ہوگا تاہم وکٹ دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ لیفٹ آرم اسپنر عبدالرحمن کو کھلایا جاتا ہے یا نہیں، وکٹ پر گھاس ہوئی تو پاکستان تین فاسٹ بولروں کے ساتھ میدان میں اترے گا۔

ڈھائی ماہ قبل اسی گراؤنڈ پر جنوبی افریقا کے خلاف پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں مایوس کن انداز میں صرف99 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور اسیمیچ میں اننگز اور92 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ لیگ اسپنر عمران طاہر نے میچ میں آٹھ وکٹ حاصل کئے تھے۔ فروری2012میں بھی پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف یہاں 99رنز پر آؤٹ ہوئی تھی لیکن پاکستان نے اسپنرز کی کارکردگی کے باعث ٹیسٹ71 رنز سے جیت لیا تھا۔

دبئی اسٹیڈیم میں پاکستانی نے پانچ ٹیسٹ کھیلے ہیں۔ تین جیتے،ایک ہارا اور ایک میچ ڈرا رہا۔ سری لنکا نے اس گراؤنڈ میں پاکستان کے خلاف ایک ٹیسٹ کھیلا تھا جس میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔ ابوظبی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ دبئی میں پریکٹس سیشن میں پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے فاسٹ بولروں راحت علی، جنید خان، بلاول بھٹی اور آف اسپنر سعید اجمل کو مکمل آرام دیا۔

چاروں نے بولنگ نہیں کی کیوں کہ وہ پہلے ٹیسٹ میں طویل اسپیل کراچکے تھے۔ اب دبئی میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ بدھ سے شروع ہوگا۔ جس کیلئے کھلاڑی خوب نیٹ پریکٹس میں مصروف ہیں۔ کپتان مصباح الحق کہتے ہیں سیریز میں برتری کیلئے کھلاڑیوں کو ابتدا سے ہی حریف ٹیم پر دباوٴ بڑھانا ہوگا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل انجری کے باعث ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

ان کی جگہ سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ سرفراز نے پیر کو پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ دوسری جانب سری لنکن ٹیم کو انجری مسائل کا سامنا ہے۔ فاسٹ بولر نوآن کلاسیکرا کے بعد لہیرو تھریمانے بھی انجری کے سبب ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ کوشل پریرا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پریرا 19ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں لیکن انہوں نے ابھی کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔

سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے سیریز میں برتری حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ سری لنکا کے تجربہ کار بیٹسمین مہیلا جے وردھنے اپنی ٹیم کیلئے دس ہزار سے زائد رنز اور تیس ٹیسٹ سنچریاں بنا چکے ہیں لیکن ان کی پاکستان کے خلاف کارکردگی پر ٹیم انتظامیہ کو تشویش لاحق ہے۔ گزشتہ9ٹیسٹ اننگز میں ان کا بیٹنگ اوسط22.27 ہے۔ ایشیا سے باہر ان کی کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی ہے تاہم سری لنکا نے 66 ٹیسٹ میچوں میں فتح حاصل کی ہے 53 میں جے وردھنے نے حصہ لیا ہے۔ سری لنکا کے میدانوں میں ان کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے سنہالیز اسپورٹس کلب میں2698 رنز بنائے ہیں۔ جہاں سری لنکا کی ہار کا تناسب صرف 8فیصد ہے۔