مختلف سیاسی جماعتوں کے وکلاء پاکستان مسلم لیگ میں شامل ،ملک کو فلاحی بنانا چاہتے ہیں: چودھری پرویزالٰہی ،فوری و سستے انصاف کی فراہمی اور عدلیہ کی بالادستی کیلئے چودھری پرویزالٰہی کے قائم کردہ ادارے انتقامی کارروائی کی بھینٹ چڑھ گئے: وکلاء رہنما

بدھ 8 جنوری 2014 03:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جنوری۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی ضروری ہے، وکلاء برادری کے تعاون سے پاکستان کو ویلفیئر اسٹیٹ اور امن کا گہوارہ بنائیں گے، ہمارا نصب العین اسلامی جمہوریہ پاکستان کو ایک مثالی فلاحی مملکت بنانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینئر وکلاء کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر کیا۔ ان وکلاء میں سید طاہر احمد شاہ، چودھری خلیل احمد گوندل، قاری ذوالفقار احمد، رانا مبشر حسین، محمد عرفان، رانا ابوبکر، رانا عمران، رانا محمد یوسف، محمد آصف اور میاں محمد اعظم بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے سینئر نائب صدر محمد بشارت راجہ، میاں عمران مسعود، ظفر اللہ چیمہ، ناصر محمود گل، سیمل کامران، عنایت حسین سرا اور ذوالفقار پپن بھی موجود تھے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہم نے اپنے دور میں برصغیر کی تاریخ میں پہلی بار پراسکیوشن سروس قائم اور پبلک ڈیفنڈر سروس کیلئے باقاعدہ قانون سازی کی، ایشیاء میں پہلی بار کنزیومر کورٹس قائم کیں جن سے ہزاروں صارفین کو فائدہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں وکلاء کیلئے مفت علاج کی سہولت مہیا کی گئی ہم سے پہلے پاکستان میں تحصیل کی سطح تک بار ایسوسی ایشنز کو بلاتفریق فنڈز نہیں دئیے گئے تھے، علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ بار کا ہال تعمیر اور ایڈووکیٹ جنرل کا آفس قائم کیا گیا، وکلاء کیلئے ہاؤسنگ کالونیاں بنائی گئیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء مرکزی کردار کے حامل ہیں۔

وکلاء رہنماؤں نے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے موٴثر اور نتیجہ خیز اقدامات کیلئے چودھری پرویزالٰہی کے دور کو بہترین قرار دیا اور کہا کہ انصاف کی فراہمی، عدلیہ کی بالادستی اور عدالتی ڈھانچہ کے استحکام کیلئے ان کے قائم کردہ ادارے موجودہ حکومت کے انتقامی رویہ کی بھینٹ چڑھ گئے اور یہ ادارے جن سے ہر کسی کو فائدہ پہنچ رہا تھا اب تنزلی کا شکار ہیں جس کی سزا عوام بھگت رہے ہیں۔ ان وکلاء نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں جدوجہد کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

متعلقہ عنوان :