پہلے ہی کہا تھا کہ سعودی وزیرخارجہ کے دورہ کا مشر ف کے معاملہ سے کوئی تعلق نہیں، اب انہوں نے جن جذبات کا اظہار کیا ہے وہ قابل تحسین ہیں،پرویز رشید،مشرف نے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیلااب اسے معمول کے ماحول میں لایا جارہا ہے ، تحریک انصاف کے سربراہ عام انتخابات میں دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹتے ہیں مگر ا ن کے اپنے امیدوار پر دھاندلی کے الزامات ایبٹ آباد میں سامنے آئے ہیں ،وزیر اطلاعات کا ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب او رصحافیوں سے بات چیت

بدھ 8 جنوری 2014 04:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جنوری۔2014ء)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پہلے ہی کہا تھا کہ سعودی وزیرخارجہ کے دورہ کا مشر ف کے معاملہ سے کوئی تعلق نہیں، اب انہوں نے جن جذبات کا اظہار کیا ہے وہ قابل تحسین ہیں،مشرف نے پاکستان کو مسائل کی دلدل میں دھکیلا پاکستان کو واپس معمول کے ماحول میں لایا جارہا ہے ۔

تحریک انصاف کے سربراہ عام انتخابات میں دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹتے ہیں مگر ا ن کے اپنے امیدوار پر دھاندلی کے الزامات ایبٹ آباد میں سامنے آئے ہیں ۔ منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب او ربعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے عمل کی حمایت کرے گا ۔

(جاری ہے)

افغان امن عمل کا حق افغان وہاں کے عوام کے پاس ہے ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔ نئی دہلی ، کابل ، جدہ ، تہران ، واشنگٹن ، لندن سمیت بڑے دارالحکومت پاکستان کے ساتھ مثبت بات چیت کرنا چاہتے ہیں ۔پہلے پاکستان کو مسائل کا حصہ قرار دیا جاتا تھا جبکہ اب ہمیں دنیا مسائل کے حل کا حصہ سمجھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں امریکہ اور نیٹو سے کئی زیادہ قربانیاں افواج پاکستان اور پاکستان کے عوام نے دی ہیں امریکہ اور نیٹو اپنی افواج پر اربوں ڈالر خرچ کررہے ہیں ۔

پرویز مشرف کے حوالے سے پرویز رشید نے کہا کہ پرویز مشرف نے پاکستان کو مسائل کی دلدل میں دھکیلا پاکستان کو واپس معمول کے ماحول میں لایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا محسن ، مہربان ، دوست ملک ہے جس نے سیلاب ، زلزلہ اور کسی بھی جنگ کی حالت میں ہمارا ساتھ دیا اور آج توانائی بحران سمیت دیگر مسائل پر پاکستان کی مدد کرنا چاہتا ہے ۔

چھ سال بعد یہ رابطہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں کنفیڈریشن کا زمانہ دیکھا ہے کہ اب حالات ا یسے آگئے ہیں دہلی ہمارے ساتھ بات چیت کرنا چاہتا ہے ۔ الزام تراشی کی بجائے اب مسائل کے حل پر آگئے ہیں اور دونوں ممالک نے مل کر ایک ایسا طریق کار وضع کیا ہے کہ الزام تراشی کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ دہلی کے ساتھ اسلام آباد کے اچھے تعلقات ہیں کابل کا بھی ہمارے حوالے سے رویہ تبدیل ہوچکا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان این آر او کی باتیں کررہے ہیں آگے بلدیاتی انتخابات آرہے ہیں اس لئے وہ اس قسم کی باتیں کررہے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے مولانا فضل الرحمن اور سمیع الحق دونوں کزن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شروع میں کہا تھا کہ حکومت نے شروع میں ہی کہا تھا کہ ایڈ نہیں ٹریڈ چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ دوسرے ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری پر آمادہ ہیں ۔

سندھ کو تقسیم کرنے کے حوالے سے پرویز رشید نے کہا کہ سندھ کو تقسیم کرنا یا نہ کرنا یہ سندھی عوام نے کرنا ہے اور وہ اس حوالے سے اچھا فیصلہ کرنا جانتے ہیں ماضی میں بھی جنوبی پنجاب صوبہ کی باتیں کی گئیں لیکن ہم تو خاموش رہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا منشور میں شامل ہے کہ صنعت اور زراعت کو اولین ترجیح دی جائے گی ۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ یہ معاملہ عدالتوں میں ہے، ہم عدالت کے احکامات پر عمل کر رہے ہیں اور ہم وہ نہیں جو قانون کو اپنے پاؤں کے نیچے رکھتے ہیں ہم قانون کے ماتحت ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے کبھی غیر آئینی کام کیلئے دباؤ نہیں ڈالا قانون طاقت ور اور حکومت کمزور ہے حکومت قانون کو سر پر اٹھاتی ہے پاؤں میں نہیں رکھتی ۔ تحریک انصاف کے سربراہ عام انتخابات میں دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹتے ہیں مگر ا ن کے اپنے امیدوار پر دھاندلی کے الزامات ایبٹ آباد میں سامنے آئے ہیں ۔