ایسا لگتا ہے کہ پرویز مشرف کے لئے این آر او تھری لایا جارہا ہے،عمرا ن خان ،22سال سے لندن میں عیش کی زندگی گزارنے والے شخص کو کراچی کی اور نئی نئی اردو بولنے والے نوجوان کو سندھ کی فکر لاحق ہے ،لیکن ملک میں نہیں آتے ہیں،موجودہ حکمرانوں کی دولت اور جائیداد ملک سے باہر ہے اور حکمرانی پاکستان میں کر رہے ہیں ،خیبر پختوانخواہ میں احتساب بل سے بڑے مگر مچھ پکڑئے جائیں گے ،وقت دور نہیں کراچی میں معصوم شہریوں کے قاتل بھی پکڑئے جائیں گے اور کراچی دوبارہ روشنیوں کا شہر بنے گا ،پارٹی کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کنونشن سے خطاب ، صحافیوں سے گفتگو

بدھ 8 جنوری 2014 04:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جنوری۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کی طرح تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں بھی سندھ میں خوف کی فضاء ختم کرئے گی ،22سال سے لندن میں عیش کی زندگی گزارنے والے شخص کو کراچی کی اور نئی نئی اردو بولنے والے نوجوان کو سندھ کی فکر لاحق ہے ،لیکن ملک میں نہیں آتے ہیں،موجودہ حکمرانوں کی دولت اور جائیداد ملک سے باہر ہے اور وہ حکمرانی پاکستان میں کر رہے ہیں ،خیبر پختوانخواہ میں احتساب بل سے بڑے بڑے مگر مچھ پکڑئے جائیں گے ،وقت دور نہیں کراچی میں معصوم شہریوں کے قاتل بھی پکڑئے جائیں گے اور کراچی دوبارہ روشنیوں کا شہر بنے گا ،بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کے لئے پورے سندھ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں تحریک انصاف کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ گیارہ مئی کے انتخابات کے بعد یہ سوچا تھا کہ میرٹ پر ادارے چلائے جائیں گے اور قوم کی ترقی میں تیزی آئے گی تاہم ایسا نہیں ہوا ، انہوں نے کہا کہ سندھ کی عوام سے معذرت خواہ ہوں کہ عام انتخابات کے بعد سندھ کا دورہ نہیں کرسکا لیکن اب وعدہ کرتا ہوں کہ ہر ماہ تین سے چار بار سندھ کا دور ہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد خیبر پختونخواہ میں حکومتی معاملات درست کرنے کے باعث سندھ اور بلوچستان کا دورہ نہیں کرسکا تھا ۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے11مئی کو بندوق والوں اور ظالموں کا مقابلہ کیا ، زہرہ حسین شاہد کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب بلدیاتی انتخابات میں بھی ہمارے امیدواروں کے خلاف مقدمات درج کئے جارہے ہیں ، عمران خان نے کہا کہ خوف کی فضا ء صرف کراچی میں نہیں پورے سندھ میں موجود ہے۔

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کو اللہ پر یقین ہے لیکن ہمارے حکمران امریکا کی وفاداری میں لگے ہوئے ہیں اور ان کی غلامی میں فیصلے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 17سال سے لوگ میرے ساتھ چلے اور لوگوں نے مجھے دیکھا کہ میں کبھی کسی سے نہیں ڈرا بڑا لیڈر وہی ہوتا ہے جو کسی سے نہیں ڈرتا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کے کارکنوں کو گھر گھر جانا ہے اور اسی خوف کی فضا کو دور کرنے کا پیغام دینا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کراچی میں تمام قومیں آباد ہیں اور یہ منی پاکستان ہے لیکن کراچی پر سیاست چمکانے والوں نے لوگوں کو مہاجر پٹھان، مہاجر پنجابی اور مہاجر سندھی سے لڑوایا ہے۔ تحریک انصاف سب لوگوں کو ایک قوم بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیس سال سے لندن میں بیٹھے ہوئے شخص کو کراچی کی فکر لاحق ہے اور اب ایک نوجوان نئی اردو سیکھنے کے بعد سندھ کے لیے جان دینے کی بات کرتا ہے لیکن خود سندھ نہیں آتا۔

عمران خان نے کہا کہ سیاست میں بڑے بڑے اداکار موجود ہیں لیکن ان سب اداکاروں کے لیے ہمارا شیخ رشید ہی کافی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جائیدادیں حکمرانوں کی ملک سے باہر ہیں اور ان کو فکر پاکستان کی ہے، عام آدمی کا اکاؤنٹ پاکستانی روپے میں اور حکمرانوں کا بینک اکاؤنٹ ڈالروں میں ہے، ڈالر کی قیمت بڑھتی ہے روپے کی قیمت گرتی ہے جس سے فائدہ بھی حکمرانوں کو ہوتا ہے اگر ایک روپیہ ڈالر پر گر جائے تو پاکستانی 80ار ب روپے کے مقروض ہوجاتے ہیں، عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے مشکل اور اہم وقت ہے انہوں نے کہا کہ حضرت علی کا قول ہے کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ظلم کا نظام نہیں چل سکتا اور یہ ظلم کا نظام ہے غریب اگر غلطی کرے تو جیل میں چلا جاتا ہے اور اگر کوئی بڑا ظلم کرے تو اسے این آر او مل جاتا ہے اور اب این آراو کی بھی باتیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی امیدوار قاری جعفر کو قتل کیا گیا اب تک کراچی میں جو بھی مارا گیا ہے اس کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے لیکن وہ وقت دور نہیں خیبر پختونخواہ میں حکومت کے بعد احتساب بل لائے ہیں جس سے بڑے بڑے مگرمچھ پکڑے جائیں گے اور کراچی میں بھی معصوم شہریوں کے قاتل پکڑے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان کے لیے وہ وقت دور نہیں کہ جب وہ دوبارہ کراچی کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے اور کراچی کو منی پاکستان بنایاجائیگا۔

قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مشرف کے غداری کیس میں ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ مشرف کے لئے این آر اوتھری لایا جارہا ہے اور اب عوام سمجھدار ہوگئی ۔قوم اور زبان کے نام پر تقسیم ہونے والی نہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی ائیر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی بیماری کے حوالے سے انہیں کچھ خاص خبر نہیں ہے لیکن غداری کس میں فیصلہ قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔

ان کو ڈر ہے کہ مشرف کے لئے کوئی نیا این آر او تو تیار نہیں ہو رہا کیونکہ این آر او ون نواز شریف کو ملک سے بھیجنا کا تھا اور این آر ٹو آصف زرداری کو دوبارہ ملک میں واپس لے آنے کا تھا اور محسوس ہو رہا ہے کہ اب این آر تھری مشرف کو باہر بھیجنے کے لئے تیار ہو رہا ہے ۔ عمران کا کہنا تھا کہ مشرف کے حوالے سے کچھ خاص معلومات نہیں لیکن غداری کیس میں غیر جانبدار انصاف ہونا چاہیے ۔

عمران خان نے کہا کہ اگر جانبدار حلقہ بندیاں پہلے سے میچ فیکس کر کے انتخابات کرانے ہیں تو اس سے بہتر ہے کہ الیکشن کا انعقاد نہ کیا جائے۔ عمران نے الطاف کے سندھ مخالف بیان پر کہا کہ الطاف کا پہلا بیان ”دھوم ون“ اور پھر بعد میں تردید ”دھوم ٹو“ کی طرح ہے لیکن تحریک انصاف کا اس حوالے سے ایک مقصد ہے کہ تمام پاکستان ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے رہیں ۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو سیاسی ٹپس دیتے ہوئے کہا کہ بلاول ابھی نیا سیاست میں آیا ہے لیکن بلاول کو پتہ ہونا چاہیے کہ ٹویٹر سے صرف ایک سطح پر سیاست ہوتی ہے ۔لیکن اگر سیاست میں آگے آنے کے لئے صحیح محنت کرنی ہے تو پھر بلاول کو پبلک میں آنا پڑے گا۔