اسلام آباد ہائیکورٹ نے 12فروری تک چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی کا حکم دے دیا ، مقررہ تا ریخ تک چیئرمین کی تعیناتی شفاف اور مستقل بنیادوں پر کی جائے،جسٹس شوکت عزیز صدیقی

منگل 7 جنوری 2014 07:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جنوری۔2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین ایچ ای سی کی مستقل تعیناتی کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی ، عدالت میں پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن کے وکیل عمر حنیف کچھی نے عدالت کو بتایا کہ 90 دن کیلئے وفاق نے قائم مقام چیئرمین ایچ ای سی تعینات کیا تھا اور اب تک 103 دن گزر جانے کے باوجودوفاقی حکومت نے باقاعدہ طور پر چیئرمین کو تعینات نہیں کیا ۔

چیئرمین ایچ ای سی کی عدم تعیناتی کی وجہ سے تعلیم پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں اور شرح خواندگی پہلے ہی سے خطرناک صورتحال سے دو چار ہے ۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری سے استفسار کیا کہ پچھلی سماعت میں میں نے آپ سے کہا تھا کہ وزارت کے نوٹس میں چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی لائی جائے جس پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جوائنٹ سیکرٹری نے کہا کہ ہم نے عدالت میں تحریری جواب جمع کروادیا ہے اور چیئرمین ایچ ای سی کی مستقل تعیناتی کی سمری وزیراعظم کو بھجوا دی ۔

(جاری ہے)

شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ آپ نے ایک ہی رٹ لگائی ہوئی ہے کہ سمری بھجوادی ہے جبکہ کوئی عملی کام نہیں کرتے ۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 12 جنوری تک چیئرمین کی تعیناتی شفاف اور مستقل بنیادوں پر کی جائے اور کیس کی سماعت 12 جنوری تک ملتوی کردی گئی ۔