یورپی منڈیوں تک رسائی سے ملک میں زبردست اقتصادی سرگرمیاں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی،ممنون حسین

منگل 7 جنوری 2014 07:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جنوری۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات اور پراڈکٹس کی یورپی منڈیوں کو ڈیوٹی فری رسائی سے ملک میں زبردست اقتصادی سرگرمیاں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ پیر کوکراچی کے سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے سرمایہ کاروں، تاجر برادری اور صنعت کاروں کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔

انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ ملک کے جغرافیاتی سٹریٹجک محل وقوع اور پاکستان کو حال ہی میں ملنے والے جی ایس پی پلس درجہ کے باعث تجارتی مراعات سے مکمل استفادہ کیلئے زیادہ کوششیں کریں اور معاشی استحکام کیلئے حکومتی کوششوں اور تقویت دیں۔

(جاری ہے)

صدر نے ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ نئی تجارتی تنظیم تاجر برادری کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کے علاوہ ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھی کردار ادا کرے گی۔

کراچی سٹاک ایکسچینج میں اضافی تجارتی سرگرمیوں کے متعلق انہوں نے کہا کہ حکومت کے درست اقدامات اور پالیسیوں کے باعث اقتصادی اعشاریے مثبت جا رہے ہیں اور ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔ صدر نے یقین دلایا کہ حکومت تاجر برادری کی گرانقدر تجاویز کا احترام کرے گی۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ معاشی ترقی اور استحکام کیلئے آگے آئیں اور حکومت کو اپنی آراء اور تصورات سے آگاہ کریں۔

صدر نے کہا کہ سرمایہ کار اور تاجر برادری ملک کا ایک گرانقدر اثاثہ ہیں اور ان کے انٹرپرائزز، تعاون اور اقتصادی پالیسیوں کی تشکیل کے بغیر کوئی بامقصد ترقی ممکن نہیں۔ کراچی بزنس کمیونٹی اور کراچی سٹاک ایکسچینج کے ساتھ اپنی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تاجروں کو درپیش مختلف ایشوز اور مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ بعد ازاں وفد نے صدر کو تاجر برادری کے مختلف مسائل کے متعلق آگاہ کیا اور معاشی بحالی کیلئے بعض اقدامات تجویز کئے۔ ایف پی سی سی آئی کے وفد میں زبیر احمد ملک، ذکریا عثمان، نومنتخب عہدیداران، صنعت کار اور کراچی سٹاک ایکسچینج کے تاجر شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :