انکم ٹیکس کی عدم ادائیگی رپورٹس سیاستدانوں کو بدنام کرنے کے مترادف ہیں،اسحاق ڈار، 12فیصد ارکان پارلیمنٹ کے پاس نیشنل ٹیکس نمبرموجود نہیں،سینٹ میں اعتراف،ایف بی آر کوتمام ارکان پارلیمنٹ کورواں ماہ کے آخر تک ٹیکس نمبر الاٹ کرنے کی ہدایت، ارکان پارلیمنٹ کے ادا کردہ انکم ٹیکس کی تفصیلات 15فروری تک جاری کرنیکا اعلان،وزیرخزانہ نے ارکان پارلیمنٹ کی ساکھ بچانے کیلئے بہت احسن اقدام کیا،اعتزازاحسن،ارکان سینٹ نے ڈیسک بجا کر وزیرخزانہ کو خراج تحسین پیش کردیا

منگل 7 جنوری 2014 07:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جنوری۔2014ء)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے انکم ٹیکس کی عدم ادائیگی کے بارے میں رپورٹس کو سیاستدانوں کو بدنام کرنے کے مترادف قرار دیا ہے تاہم اعتراف کیا ہے کہ 12فیصد ارکان پارلیمنٹ کے پاس نیشنل ٹیکس نمبر(این ٹی این)موجود نہیں اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو حکم دیا ہے کہ وہ ان ارکان پارلیمنٹ کورواں ماہ کے آخر تک ٹیکس نمبر الاٹ کرے اور یہ اعلان بھی کیا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کے بارے میں غلط تاثر کو دور کرنے کیلئے ان کی طرف سے ادا کردہ انکم ٹیکس کی تفصیلات 15فروری تک جاری کردی جائیں گی۔

سینیٹ میں حزب اختلاف نے وفاقی وزیر کے اس اقدام پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیرخزانہ نے ارکان پارلیمنٹ کی ساکھ بچانے کیلئے بہت احسن اقدام کیا ہے۔

(جاری ہے)

پیر کے روزسینیٹ کے اجلاس میں حکومت کی جانب سے پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ دنوں ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے انکم ٹیکس کی عدم ادائیگی کے معاملے کو بہت اچھالا گیا،جو کہ تکلیف دہ امر تھا،حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ تمام ارکان پارلیمنٹ چاہے وہ قومی اسمبلی،سینیٹ یا صوبائی اسمبلیوں کے ارکان ہوں،ان کی تنخواہوں سے انکم ٹیکس کاٹ لیا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے بہت سے ارکان نے انکم ٹیکس ادا کرنے کے باوجود کم علمی کی وجہ سے نیشنل ٹیکس نمبر حاصل نہیں کیا ہوا تھا،جس کی وجہ سے یہ غلط فہمی پیدا ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ آج بھی تقریباً12فیصد کے قریب ارکان پارلیمنٹ کے پاس نیشنل ٹیکس نمبر نہیں ہے، ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے انکم ٹیکس کے معاملے پر تفصیلات شاید سٹیٹ بینک یا فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے لیک ہوئی ہیں۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ اس معاملے پر حکومت نے نوٹس لیا اور آج انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ایف بی آر 31جنوری تک تمام ارکان پارلیمنٹ جن کے پاس نیشنل ٹیکس نمبر نہیں ہے انہیں نیشنل ٹیکس نمبر جاری کرے گا اور وزارت تمام ارکان پارلیمنٹ کی انکم ٹیکس کی ادائیگی کے بارے میں تفصیلات 15فروری تک شائع کردے گی تاکہ ارکان پارلیمنٹ کے بارے میں یہ غلط تاثر دور ہوسکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر کے تمام ٹیکس دہندگان کے انکم ٹیکس کی تفصیلات بھی آئندہ دو ماہ میں شائع کردی جائیں گی،ان کے اس بیان پر قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیرخزانہ نے ارکان پارلیمنٹ کی ساکھ کو بچانے کیلئے بہت احسن اقدام کیا ہے،جس پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں،اس پر ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔