دوران علاج سابق صدرکی سگاراپینے کی خواہش،ڈاکٹرزنے پا بندی لگادی،لیڈی ڈیانا فیم ہارٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر حسنات پاکستان پہنچ گئے ان کی مشاورت کے بعد سابق صدر کی حتمی میڈیکل رپورٹ تیار کی جائے گی۔ہسپتال ذرائع ،مشرف کو ابھی کمرے میں منتقل نہیں کیا گیا۔ انہیں مزید کچھ روز سی سی یو میں رکھا جائے گا۔ احمد رضا قصوری

منگل 7 جنوری 2014 07:56

راول پنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جنوری۔2014ء) راول پنڈی کے فوجی ہسپتال میں زیر علاج سابق صدر پرویز مشرف کے پانچویں روز بھی مزید ٹیسٹ کئے گئے۔ سابق صدر نے سگار پینے کی خواہش ظاہر کی۔ تاہم ڈاکٹرزنے ان کے سگا ر پینے پر پا بندی لگادی ادھر لیڈی ڈیانا فیم ہارٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر حسنات پاکستان پہنچ گئے، ان کی مشاورت کے بعد سابق صدر کی حتمی میڈیکل رپورٹ تیار کی جائے گی۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق پرویز مشرف جو راول پنڈی کے عسکری ادارہ امراض قلب کے سی سی یو وارڈ میں زیر علاج ہیں کے سوموار کی صبح شوگر اور کولیسٹرول کے مزید ٹیسٹ کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق ان کا کولیسٹرول نارمل سے تھوڑا زیادہ ہے۔ سابق صدر کا بلڈ پریشر بھی چیک کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پرویز مشرف نے سگار پینے کی خواہش ظاہر کی کیونکہ ڈاکٹروں نے ان پر پانچ روز سے پابندی لگا رکھی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر لیڈی ڈیانا فیم ہارٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر حسنات پرویز مشرف کا علاج کرنے والی میڈیکل ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ ڈاکٹر حسنات کی مشاورت کے بعد پرویز مشرف کی حتمی میڈیکل رپورٹ تیار کی جائے گی اور ان کے بیرون ملک علاج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ جبکہ سابق صدر کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کو ابھی کمرے میں منتقل نہیں کیا گیا۔

انہیں مزید کچھ روز سی سی یو میں رکھا جائے گا۔ احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ سابق صدر مشرف اب تک سی سی یو میں زیر علاج ہیں، جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔احمد رضا قصوری کا مزید کہنا تھا کہ سابق صدر کی بیماری سے متعلق عدالت کو زبانی آگاہ کریں گے، کسی بھی وکیل کی مشاورت کیلئے پرویز مشرف سے ملاقات نہیں ہوئی۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ عدالت پرویز مشرف کو ایمبولنس میں بلانے کا اختیار رکھتی ہے، بیماری کے باعث پرویز مشرف کا پیش ہونا ممکن نہیں، خصوصی عدالت میں وکلاء کا پینل پیش ہوگا۔بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ عدالت کو اخیتار ہے کہ نمائندہ بھیج کر رپورٹ منگوالے، ڈاکٹرز نے پرویز مشرف کی میڈیکل ریورٹ فراہم نہیں کی۔

متعلقہ عنوان :