ملک میں گیس کی قلت کے باعث تیل کا درآمدی بل اربوں ڈالر تک بڑھنے کا امکا ن ، جولائی سے نومبر2013ء کے دوران گیسولین کی درآمد میں 30 فیصد اضافہ ہوا

پیر 6 جنوری 2014 08:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جنوری۔ 2014ء)ملک میں گیس کی قلت کے باعث پٹرول اور دیگر پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے باعث خدشہ ہے کہ ملک کا تیل کا درآمدی بل اربوں ڈالر بڑھ سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جولائی سے نومبر2013ء کے دوران گیسولین کی درآمد میں 30 فیصد اضافہ ہوا جبکہ فرنس آئل اور گیسولین کی فروخت میں بھی باالترتیب 6.7 اور17.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 6.4 فیصد کمی ہوئی ۔

پاکستان سٹیٹ آئل کے جائزے کے مطابق کمپنی نے رواں مالی سال2013-14 کی پہلی سہ ماہی میں 71 ارب روپے حاصل کئے جبکہ جولائی سے نومبر کے دوران آمدنی 621 ارب روپے رہی جو پچھلے سال اس عرصہ میں 550 ارب روپے تھی۔جولائی سے نومبر تک پی ایس او کے محصولات میں 12 فیصد اضافہ دیکھا گیا ۔

(جاری ہے)

پہلی سہ ماہی میں پی ایس او کی ٹیکس کے بعد آمدنی7.8 ارب روپے رہی جو کہ پچھلے سال اس عرصہ میں 4.3 ارب ڈالر تھی اس طرح اس میں81 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا۔

مجموعی طور پر مارکیٹ میں پی ایس او کا حصہ 63.8 فیصد رہا جبکہ بلیک آئل اور وائٹ آئل مارکیٹ میں اس کا حصہ باالترتیب 75.9 اور 52.5 فیصد رہا ۔کمپنی کے مائع ایندھن کی فروخت میں 4.3 فیصد اضافہ ہوا ۔حبکو اور کیپکو سے سود کی مد میں 8.2 ارب روپے وصول ہوئے تاہم جولائی سے نومبر کے دوران سپلائی پر 484 ارب روپے حاصل ہوئے۔30 جون 2013 ء کو 75 ارب روپے کے بقایات جات میں سے 69 ارب روپے موصول ہوئے۔

متعلقہ عنوان :