ایک جماعت کا عسکری ونگ بلدیاتی انتخابات سے پہلے کراچی کو یرغمال بنانا چاہتا ہے،شرجیل میمن ،دہشت گردی کا نیٹ ورک توڑنے تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا، ذوالفقار بھٹو کی سالگرہ تقریب کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت

پیر 6 جنوری 2014 08:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جنوری۔ 2014ء)سندھ کے وزیراطلاعات وبلدیات شرجیل میمن نے کہاہے کہ ایک جماعت کا عسکری ونگ بلدیاتی انتخابات سے پہلے کراچی کو یرغمال بنانا چاہتا ہے،دہشت گردی کا نیٹ ورک توڑنے تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا۔سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی سالگرہ تقریب کے موقع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حالیہ دہشت گردی میں کون ملوث ہے رینجرنے سب بتادیا ہے،دہشت گرد کراچی کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ایک بارپھرکراچی میں مختلف مذہبی اورسیاسی جماعتوں کے بلدیاتی امیدواروں کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑنے تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا دہشت گرد بنانے والی فیکٹریوں کو بھی ختم کریں گے۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن نے کہاکہ سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والوں سے مذاکرات نہیں ہوسکتے انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم اپنے بیان پرمعافی مانگے اگرایم کیو ایم نے سندھ کو توڑنے کی بات نہیں کی توجنہوں نے یہ خبرنشرکی ہے انہیں معافی مانگنی چاہیئے۔شرجیل میمن نے کہاکہ دہشت گردوں کا تعلق طالبان سے ہو سیاسی جماعت سے یا کسی اورگروپ سے وہ ملک وقوم کا دشمن ہے کراچی میں دہشت گردی کا نیٹ ورک ختم ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی سالگرہ تقریب میں کیک کاٹا گیا،تقریب میں پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی سینیٹرزاورصوبائی وزراء نے شرکت کی۔