کوئٹہ، تربت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ،4افراد قتل،4زخمی،ژوب میں گولیوں سے چھلنی تین افراد کی نعشیں برآمد

پیر 6 جنوری 2014 08:30

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جنوری۔ 2014ء) بلوچستان کے علاقے مند میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل اور 2 کو زخمی کردیا یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز مند کے علاقے گومازی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شاہ بخش شمبے سکنہ آپسر ،نعمان سکنہ سندھ کو موقع پر قتل کردیا جبکہ محمد شعیب اور عادل سکنہ کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی لاشوں اور زخمیوں کو تحویل میں لے لر ہسپتال پہنچادیا لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کی حوالے کردی گئیں مزید کارروائی متعلقہ انتظامیہ کررہی ہے ادھربلوچستان کے علاقے تربت کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل کر دیا دو شدید زخمی ہوگئے،تفصیلات کے مطابق اتوار کو بلوچستان کے مکران ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر شہر تربت سے تمپ جانے والی روڈ جو مند بلو کی جانب سے ہوتی ہوئی ایران جاتی ہے اس پر اتوار کی شام کو بعض نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر ایک کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار دو افراد شاہ بخش ولد پنج شمنبے اورشعیب ولد عجب خان شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں یوسف اورعادل شامل ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ،ڈی پی او تربت لعل جان بلوچ کے مطابق واقعہ” بی ایریا “ میں تمپ کے قریب پیش آیا ہے علاوہ ازیں معلوم ہوا ہے کہ واقعہ کے فوراً بعد لیویز فورس نے علاقے کے داخلی وخارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی ہے ،لاشوں اور زخمیوں کو تربت ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ ژوب پولیس نے گولیوں سے چھلنی تین افراد کی نعشیں برآمد کرلیں تفصیلات کے مطابق ژوب پولیس کو اطلاع ملی کہ ژوب کے علاقے وزیرستان روڈ پر کلی مریم کے قریب نامعلوم تین افراد کی نعشیں پڑی ہوئی ہیں پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشیں قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچا دیں جن کی شناخت ملنے والی پرچیوں سے معاذ اللہ ‘ عبدالعلی اور قادر زمان عرف جانی خیل بنوں لکھا ہوا ہے تینوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے نعشیں ژوب ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دی گئی ہیں ژوب پولیس ملنے والی نعشوں کے حوالے سے مزید تفتیش کررہی ہے ۔