بلدیاتی انتخابات عوام کے بنیادی مسائل کے حل کی علامت ہے ،شاہ محمود قریشی ،سندھ میں بلدیاتی نظام کی بار بار تبدیلی سے حکومت کی نیت مشکوک نظر آتی ہے ، عمران خان 6جنوری کو عمر کورٹ کی ریلی میں شریک ہونگے ، تحریک انصاف کے کارکنوں کی ہلاکت حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے کارکنان کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ،میڈیا سے گفتگو

پیر 6 جنوری 2014 08:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جنوری۔ 2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات عوام کے بنیادی مسائل کے حل کی علامت ہے سندھ میں بلدیاتی نظام کی بار بار تبدیلی سے حکومت کی نیت مشکوک نظر آتی ہے ، سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات مقررہ تاریخ پر ہوتے نظر نہیں آتے ، سندھ کی محروم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے چیئرمین عمران خان 6جنوری کو عمر کورٹ کی ریلی میں شریک ہونگے ، تحریک انصاف کے کارکنوں کی ہلاکت حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے کارکنان کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔

وہ گزشتہ روز کراچی آمد کے موقع پر ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر سندھ کے صدر نادر اکمل خان لغاری ، حفیظ الدین ، جمال صدیقی ، سبحان علی ساحل ، جواد جیلانی ، راجہ اظہر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جدوجہد معاشی انقلاب، معاشرتی انصاف اور کرپشن سے پاک نظام کے قیام کے لیے ہے ، حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کررہی ہے عوام میں پھیلی مایوسی کے بعد تحریک انصاف ہی ان کے لیے واحد امید کی کرن بن چکی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے متنازع بیان کے بعد جو تشویش لاحق تھیں ان کی تردید اور صفائی کے بعد تشویش کم ہوئی ہے ، ہم ہر صورت میں سندھ کی تقسیم کے خلاف ہیں اور سندھ کے قوم پرست رہنماؤں نے بھی ہمارے واضع موقف کو سراہا ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم کا مطالبہ وسائل کی تقسیم پر مبنی تھا تو ماضی مختلف ادوار حکومتوں میں اقتدار کا حصہ رہتے ہوئے کیوں ان مسائل کے جانب توجہ مبذول نہیں کروائی ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری قتل و غارت گری اور لاقانونیت سندھ حکومت کی ناکامیوں کا تسلسل ہے ، عوام کے جان و مال کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے اور سندھ میں قانون کی حکمرانی ختم ہوچکی ہے جو روزانہ معصوم شہریوں کی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہے ۔ انہوں نے تحریک انصاف کے 2کارکنوں کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کر ے ۔