غازی عبدالرشید قتل کیس،سابق ایم این اے شاہ عبدالعزیز ، ابراہیم پراچہ کا بیان ریکارڈ،سابق صدر پرویز مشرف لال مسجد آپریشن کے ذمہ دار ہیں ،مولانا شاہ عبدالعزیز

اتوار 5 جنوری 2014 06:47

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء)سابق ایم این اے مولانا شاہ عبدالعزیز اور سابق ایم این اے جاوید ابراہیم پراچہ نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں تحقیقاتی ٹیم کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مولانا شاہ عبدالعزیز نے غازی عبدالرشید قتل کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا سابق صدر پرویز مشرف لال مسجد آپریشن کے ذمہ دار ہیں جنہوں نے مسئلے کا حل نکالنے کے بجائے گولی کا استعمال کیا۔

شاہ عبدالعزیز نے کہا انہیں مذاکرات کے لئے لال مسجد جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور جب کوشش کی تو ان پر بھی گولیاں چلائی گئیں۔جنرل ریٹائرڈ طارق مجید اور جنرل ریٹائرڈ مہدی حسن نے لال مسجد انتظامیہ سے مذاکرات کرنیوالوں کو روکا ، مولانا شاہ عبد العزیز نے تحقیقاتی ٹیم کو بتایا جنرل ریٹائرڈ نصرت نعیم نے انہیں لال مسجد آپریشن کے دوران فون پر دھمکی دی جبکہ وزیر مملکت طارق عظیم نے 9 جولائی کو مسجد انتظامیہ کے مذاکرات میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

سابق ایم این اے جاوید ابراہیم پراچہ نے اپنے بیان میں کہا کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے ایک جرنیل نے انہیں پہلے بتا دیا تھا کہ مشرف لال مسجد آپریشن کا ارادہ رکھتا ہے،یہ جھوٹ ہے کہ جامعہ حفصیٰ کی طالبات نے لائبریری کا قبضہ نہیں چھوڑا تھا۔طالبات نے ان کی اور اعجاز الحق کی موجودگی میں لائبریری کا قبضہ چھوڑ دیا تھا اور رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے اس بارے میں مشرف کو فون پر آگاہ بھی کر دیا تھا۔۔

متعلقہ عنوان :