حیدرآباد، الطاف حسین کے بیان کیخلاف مختلف قوم پرست تنظیموں کے کارکنوں کے مظاہرے ، الطاف حسین سندھ کی تقسیم کا بیان واپس لے کر کروڑوں سندھیوں سے معافی مانگیں ورنہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرکے سندھ دشمن قوتوں کی نیندیں حرام کردیں گے،مقررین

اتوار 5 جنوری 2014 06:47

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے اپنے ٹیلی فونک خطاب میں سندھ میں اُردو بولنے والوں کیلئے علیحدہ صوبہ بنانے کی بات کئے جانے کیخلاف سندھ کی مختلف قوم پرست تنظیموں کے کارکنوں نے مظاہرے کئے اور ایم کیوایم اور اس کے قائدین کیخلاف نعرے بازی کی۔ پیپلز پارٹی شہید بھٹو ضلع حیدرآباد کی طرف سے الطاف حسین کی جانب سے سندھ کی تقسیم سے متعلق دیئے جانے والے بیان کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے سے مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر مظہر میمن ، مجید سیال ، حاجی فیاض میمن اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین سندھ میں بیانات اور تقاریر کے زریعے سستی شہرت حاصل کرنے کے بجائے سندھ کی تقسیم کا بیان واپس لے کر کروڑوں سندھیوں سے معافی مانگیں دوسری صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کرکے سندھ دشمن قوتوں کی نیندیں حرام کردیں گے۔

(جاری ہے)

الطاف حسین کے سندھ کی تقسیم اور اردو بولنے والوں کیلئے علیحدہ صوبے کے مطالبے کیخلاف حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے وکلاء نے عدالتی کاروائیوں کامکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے مقامی عدالت کے احاطہ سے احتجاجی ریلی نکالی جو کہ مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی حیدرآباد پریس کلب تک پہنچی ریلی میں شامل وکلاء الطاف حسین کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عامرعلی عباسی ، کامران ہسبانی اعجاز سولنگی اور دیگر نے کہا کہ سندھ کسی بیکری کا کیک نہیں کہ جس کے دل میں آئے وہ اسے تقسیم کر کے آپس میں بانٹ لے انہوں نے کہا کہ جب تک سندھ میں ایک بھی غیرت مند بیٹا زندہ ہے وہ کسی صورت میں سندھ کی تقسیم نہیں ہونے دے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) حیدرآباد کے سینئر کارکن کامریڈ قادر بخش لاکھو نے گذشتہ روز وزیر اعظم نواز شریف کی حیدرآباد آمد کے موقع پر سینئر کارکنان کو ملنے سے روکنے اور لاٹھی چارج کرنے کیخلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور علامتی بھوک ہڑتال کی ،اس موقع پر انہوں نے میاں نوازشریف سے اپیل کی ہے کہ وہ پارٹی سے کالی بھیڑوں کو نکال کر مخلص کارکنوں کو ان کا جائز مقام دلائیں، ان کا کہنا تھا کہ عام کارکن ہی مشکل وقت میں پارٹی کا سرمایہ ہوتے ہیں اور اپنے عظیم قائد کے ساتھ ہمیشہ خدمت کیلئے تیار رہتے ہیں ۔

سندھ ترقی پسندپارٹی کے کارکنوں نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے صوبے سے متعلق تقریر کیخلاف سائٹ ایریا فتح چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا، نعرے بازی کی ، اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھاکہ سندھ کی وحدت اور سندھ کی سالمیت پر نہ تو سودے بازی کرینگے اور نہ ہی خاموشی اختیار کرسکتے ہیں، الطاف حسین لند ن میں بیٹھ کر سندھ کیخلاف سازشیں کررہے ہیں جو سندھ کے عوام برداشت نہیں کرینگے، سندھ کی 5ہزار سالہ تاریخ ہے ،ماضی میں بھی سندھ کیخلاف سازشیں کی گئیں لیکن ان سازشی عناصروں کا نام ونشان مٹ گیا ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ الطاف حسین کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لاکر ان پر جرائم کے مقدمات چلائے جائیں۔