کراچی،این اے 253 اور پی ایس 119 پر متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان کی کامیابی کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست تکنیکی بنیادوں پر مسترد

اتوار 5 جنوری 2014 06:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء)کراچی میں الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 253 اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 119 پر متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان کی کامیابی کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست تکنیکی بنیادوں پر مسترد جبکہ این اے 256 اور پی ایس 93 سے متعلق انتخابی عذرداریوں کی سماعت 7 جنوری تک ملتوی کردی ۔الیکشن ٹریبونل کراچی میں جسٹس ریٹائرڈ ظفر شیروانی نے انتخابی عذرداریوں کی سماعت کی۔

ٹریبونل نے این اے 253 اور پی ایس 119 سے متعلق جماعت اسلامی کی درخواستیں تکنیکی بنیا دوں پر مسترد کردی۔این اے 253 پر متحدہ قومی موومنٹ کے مزمل قریشی کی کامیابی کو جماعت اسلامی کے اسداللہ بھٹو جبکہ پی ایس 119 سے متحدہ قومی موومنٹ کے ارتضیٰ خلیل فاروقی کی کامیابی کو جماعت اسلامی کے راشد منان نے چیلنج کیا تھا۔

(جاری ہے)

الیکشن ٹریبونل نے این اے 256 اور پی ایس 93 سے متعلق درخواستوں کی سماعت کارروائی کے بعد 7 جنوری تک ملتوی کردی۔

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 256 پر متحدہ قومی موومنٹ کے اقبال محمد علی کی کامیابی کو تحریک انصاف کے زبیر خان نے جبکہ پی ایس 93 پر تحریک انصاف کے عبدالحفیظ کی کامیابی کو جماعت اسلامی کے عبدالرزاق نے چیلنج کر رکھا ہے۔دونوں حلقوں سے متعلق انتخابی درخواستوں پر الیکشن ٹریبونل میں فریقین کے وکلاء کے حتمی دلائل جاری ہیں۔