کشمیر،سر کریک اور سیاچن کے مسائل پر بھارت کے ساتھ بیک چینل مذاکرات جاری ہیں، پیش رفت بھارت میں انتخابات کے بعد متوقع ہے،مشیر خارجہ سرتاج عزیز، بھارتی وزیر اعظم نے آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان کے دورے کی خواہش ظاہر کی تو خیر مقدم کریں گے، باہمی تعلقات میں کشیدگی سے بچنے کیلئے لائن آف کنٹرول پر امن و مذاکرات کا تسلسل ضروری ہے، پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے،انٹرویو

اتوار 5 جنوری 2014 07:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء)وزیر اعظم کے مشیرِ خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کشمیر،سر کریک اور سیاچن کے مسائل پر بھارت کے ساتھ بیک چینل مذاکرات جاری ہیں ،ان مسائل پر پیش رفت بھارت میں انتخابات کے بعد متوقع ہے، باہمی تعلقات میں کشیدگی سے بچنے کیلئے لائن آف کنٹرول پر امن اور مذاکرات کا تسلسل ضروری ہے، بھارتی وزیر اعظم نے اگر آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان کے دورے کی خواہش ظاہر کی تو ہم ان کا خیر مقدم کریں گے، پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

ہفتے کو ایک انٹر ویو میں سرتاج عزیز نے کہا کہ ہماری حتی الامکان کوشش ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنا یاجائے اور بھارت میں مقتدر حلقے بھی یہی چاہتے ہیں تاہم بھارت میں انتخابات کی وجہ سے بڑے مسائل پر باہمی مذاکرات میں تعطل ہے لیکن تجارت،توانائی اور ویزے کے معاملوں پر مذاکرات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں جب بھارت انتخابات کی جانب بڑھ رہا ہے ،اس وقت باہمی تعلقات میں کسی بھی طرح کی کشیدگی سے بچنے کیلئے لائن آف کنٹرول پر امن اور مذاکرات کا تسلسل ضروری ہے۔

کشمیر کے مسئلے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مشیرِ خارجہ نے کہا کہ یہ انتہائی اہم مسئلہ ہے اور پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ متعدد ملکوں کو پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کی اہمیت کا احساس ہے اور وہ اب مسئلہ کشمیر کے حل میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنے بھارتی ہم منصب کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے ،تاہم ان کے اس دورے کاامکان کم ہے لیکن اگر انہوں نے آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان کے دورے کی خواہش ظاہر کی تو ہم ان کا خیر مقدم کریں گے۔