پرویز مشرف کی طبیعت خراب ہونے سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آگئیں ،سابق صدر کا جسم ٹھنڈا پڑنے ،سینے اوربازو میں درد ہونے پر ساتھ بیٹھے شخص نے زبان کے نیچے رکھنے والی گولی دی، ذرائع

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء) عدالت جاتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کا جسم ٹھنڈا پڑنے ،سینے اوربازو میں درد ہونے پر ساتھ بیٹھے شخص نے زبان کے نیچے رکھنے والی گولی دی جو دل کے مرض میں استعمال کی جاتی ہے۔اندرونی ذرائع کے مطابق ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف عدالت جانے کیلئے صبح ساڑھے نو بجے تیار ہوکر اپنے وکلاء کے فون کا انتظار کررہے تھے۔

عدالت میں پیر تک پرویز مشرف کو استثنیٰ نہ ملنے پر وکلاء نے انہیں عدالت آنے کا مشورہ دیا جس پر وہ عدالت کے لئے روانہ ہوئے تو تھانہ بنی گالہ کے قریب ان کا جسم ٹھنڈا پڑنا شروع ہوگیا، چھاتی اور بازو میں درد محسوس ہونے پر ساتھ بیٹھے شخص نے انہیں زبان کے نیچے رکھنے والی گولی دی اور قافلہ عدالت کی جانب رواں دواں رہا۔

(جاری ہے)

عدالت وہاں سے ڈیڑھ کلومیٹر دور تھی کہ اسلام آباد کلب کے قریب طبیعت مزید بگڑنے پر پرویز مشرف کو عدالت لے جانے کی بجائے اے ایف آئی سی لے جانے کا فیصلہ کیا گیاجہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ پرویز مشرف کو دل کی تکلیف ہوئی ہے لیکن حالت اطمینان بخش ہے۔

ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کی اہلیہ صہبا مشرف جو کہ ساڑھے دس بجے کے قریب دبئی کے لئے گھر سے روانہ ہوچکی تھیں ، ان کو ائرپورٹ کے لاؤنج سے واپس بلایا گیا، جو ائرپورٹ سے سیدھی اے ایف آئی سی پہنچیں اور چار گھنٹے تک اپنے خاوند کے ساتھ رہیں۔

متعلقہ عنوان :