نوجوانوں کیلئے قرضہ سکیم کے ایک سال بعد اچھے نتائج برآمد ہوں گے، آج تک صرف بڑے لوگوں کو قرضے دیئے گئے ،غریبوں کو کسی نے نہیں پوچھا،وزیر اعظم نوازشریف، ییلو کیب سکیم سے کچھ مفاد پرستوں نے فائدہ اٹھایا لیکن حالیہ قرضہ سکیم میں میرے سمیت کسی کی سفارش نہیں چلے گی،ملک سے سفارش کلچر ختم کر کے میرٹ عام کریں گے، کراچی سرکلرمنصوبے پرجاپان تعاون کرے گا ؛حیدرآباد میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:37

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کیلئے شروع کی گئی قرضہ سکیم کے ایک سال بعد اچھے نتائج برآمد ہوں گے ، ییلو کیب اسکیم سے کچھ مفاد پرستوں نے فائدہ اٹھایا، لیکن نوجوانوں کیلئے حالیہ قرضہ سکیم میں میرے سمیت کسی کی سفارش نہیں چلے گی،اگر کسی سے ناانصافی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو گی،ملک سے سفارش کلچر ختم کر کے میرٹ عام کریں گے،یقین ہے کہ نوجوان قرضہ لے کرپوری محنت سے کام کریں گے اور نیک نیتی سے اسے واپس کریں گے، کراچی سرکلرمنصوبے پرجاپان تعاون کرے گا اور کراچی میں اس منصوبے پر جلد کام شروع ہو گا۔

وزیراعظم قرضہ اسکیم کے حوالے سے جمعے کوحیدرآباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں اربوں روپے قرضہ لینے والے لوگ موجود ہیں، آج تک صرف بڑے بڑے لوگوں کو قرضے دیئے گئے اور غریبوں کو کسی نے پوچھا بھی نہیں، ملک کے 60فیصد نوجوانوں کو دینے کو20لاکھ روپے بھی نہیں جو کہ ظلم اور زیادتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قرضہ منظور یا نامنظور کرتے وقت درخواستوں کے ساتھ وجوہات بھی لکھی جانی چاہئیں تاکہ شفافیت اور میرٹ یقینی بنایا جاسکے، مجھ سمیت کوئی بھی میرٹ سے ہٹ کر کسی کو قرضہ نہیں دلا سکتا، اگر کسی سے ناانصافی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اسکیم کی بعض شرائط پر عمل مشکل ہو رہا ہے لیکن شرائط پریشان کرنے کے لئے نہیں آسانیوں کے لئے ہیں، یقین ہے نوجوان قرضہ لے کرپوری محنت سے کام کریں گے اور نیک نیتی سے قرضہ واپس کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں اور ملک کی باگ دوڑ نوجوانوں کے ہاتھ میں آنی ہے، میں نے اپنی انتخابی مہم میں قرضہ سکیم کا ذکر کیا اور اقتدار میں آ کراس سکیم پر بہت محنت کی گئی، ایک سال بعد قرضہ سکیم کے اچھے نتائج نظر آئیں گے اور ملک کی جی ڈی پی گروتھ بڑھے گی جس سے خوشحالی آئے گی۔

کراچی سرکل ریلوے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ان کی اس حوالے سے جاپانی سفیر سے بات ہوئی اور کراچی سرکلرمنصوبے پرجاپان تعاون کرے گا۔وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ ییلو کیب اسکیم سے کچھ مفاد پرستوں نے فائدہ اٹھایا۔ ملک سے سفارش کلچر ختم کر کے میرٹ عام کریں گے۔ نوجوانوں کیلئے قرضہ اسکیم میں ان کی سفارش بھی نہیں چلے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے،بڑے گروپس کو اربوں کا قرضہ ملتا ہے لیکن نوجوانوں کیلئے بیس لاکھ روپے بھی نہیں، حکومت نوجوان طبقے کو آگے لانا چاہتی ہے۔ قرضہ اسکیم کیلئے ضامن کی شرائط بھی مزید نرم کر دی گئی ہیں۔ گریڈ پندرہ یا اس سے اوپر کا سرکاری افسر بھی ضمانت دے سکتا ہے، سفارش کینسر ختم کریں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ییلو کیب اسکیم سے کچھ مفاد پرستوں نے فائدہ اٹھایا، قرضہ اسکیم میں ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ایک لاکھ افراد کو قرضہ دینے سے روزگار کے مواقعے پیدا ہوں گے