ابوظہبی ٹیسٹ، سری لنکا کی ذمہ دارانہ بیٹنگ، تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان 7 رنز کی برتری حاصل کرلی،کوو شال سلوا اور سنگاکارا کی نصف سنچریاں،دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنا لیے،بلاول اور جنید خان کے دو،دو شکار

جمعہ 3 جنوری 2014 07:39

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جنوری۔2014ء)پاکستان اور سری لنکا کے مابین ابوظہبی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان 7 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے جبکہ اس کی چھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔سری لنکا کی دوسری اننگز کی خاص بات کو شال سلوا اور سنگاکارا کی عمدہ بلے بازی تھی، دونوں نے نصف سنچریاں سکور کیں اور پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔

جمعرات کو جب تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنا لیے تھے۔سری لنکا کے آوٴٹ ہونے والے پہلے بلے باز دیموتھ کرونارتنے تھے جنھیں جنید خان نے بولڈ کیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد سنگاکارا اور کوشال سلوا نے دوسری وکٹ کے لیے 99 رنز کی شاندار شراکت قائم کی جس کا خاتمہ بلاول بھٹی نے سنگاکارا کو 55 کے سکور پر کیچ کروا کے کیا۔

سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز مہیلا جیاودرھنے دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے بلاول بھٹی کی دوسری وکٹ بنے۔سنگاکارا نے دوسری اننگز میں نصف سنچری بنائی ،آوٴٹ ہونے والے چوتھے سری لنکن بلے باز کوشل سلوا تھے جو کھیل کے اختتامی لمحات میں جنید خان کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو پوری ٹیم پہلے ہی سیشن میں 383 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی اور ا سری لنکا پر 179 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

جب مصباح الحق اور اسد شفیق نے اننگز دوبارہ شروع کی تو اسد شفیق زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ ان کے بعد پاکستانی لوئر آرڈر کے بلے باز بھی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے۔کپتان مصباح الحق 135 رنز بنا کر آوٴٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔ انھوں نے اس اننگز میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز یونس خان کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 218 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

سری لنکا کی جانب سے ارانگا اور ہیراتھ نے تین، تین، لکمل نے دو جبکہ میتھیوز نے ایک وکٹ لی۔اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور سری لنکن بلے باز جنید خان اور بلاول بھٹی کی فاسٹ بولنگ کے سامنے بے بس دکھائی دئیے تھے۔سری لنکا کی پوری ٹیم میچ کے پہلے ہی دن 204 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی تھی۔تاہم دوسری اننگز میں سری لنکن بیٹسمنوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ پر پاکستان کی گرفت کو کمزور کردیا ہے ۔