اگر فوج نے مشرف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ کر لیا تو انہیں دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، شیخ رشید احمد ،سیاست دانوں کو ان پر نشتر چلانے سے گریز کرنا چاہیے ،فوج کی ہمدردی کے بارے میں مشرف کا بیان درست اور خواجہ آصف کی رائے غلط ہے،مشرف کا سیاست میں کردار ہو یا نہ ہو مگر نواز شریف کو پھنسانے میں کردار ضرور ہے ،نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 3 جنوری 2014 07:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جنوری۔2014ء)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر فوج نے پرویز مشرف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ کر لیا تو انہیں دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔سیاست دانوں کو ان پر نشتر چلانے سے گریز کرنا چاہیے ۔فوج کی ہمدردی کے بارے میں مشرف کا بیان درست اور خواجہ آصف کی رائے غلط ہے۔

مشرف کا سیاست میں کردار ہو یا نہ ہو مگر نواز شریف کو پھنسانے میں کردار ضرور ہے ۔جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں سابق صدر آصف علی زرداری بھی عدالت سے بھاگتے رہے اور طویل عرصہ گلے پر کالر لگا کر پھرتے رہے جبکہ نصرت بھٹو بھی پیش نہ ہوئیں ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا پرویز مشرف سے کوئی رابطہ نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو نشتر چلانے سے گریز کرنا چاہیے ۔اس وقت سے ڈریں جب آپ پر ایسا وقت آئے ۔اس وقت اکثر سیاست دان ٰ60 سے اوپر ہو چکے ہیں اور ان میں سے اکثر دل کے مریض ہیں جنہوں نے اپنے الگ میڈیکل گروپ اور سوشل گروپ بنا رکھے ہیں ۔سابق صدر کو بیرون ملک بھیجنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ابھی یہ قیاس آرائیاں ہیں تاہم اگر فوج نے انہیں بھیجنے کا فیصلہ کر لیا تو پھر دنیا کی کوئی طاقت انہیں نہیں روک سکتی ۔

ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پرویز مشرف کو ضرور عدالت میں پیش ہونا چاہیے لیکن آرٹیکل 6 کا اطلاق 3 نومبر سے نہیں بلکہ 12 اکتوبر سے ہونا چاہیے اس میں 872 افراد ملوث ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کے تین وزیر بھی شامل ہیں اور ان میں جنرل کیانی اور افتخار محمد چوہدری بھی شامل ہیں ۔ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ پرویز مشرف کو عمر قید ہو یا پھانسی انہوں نے باہر ہی جانا ہے اور اس حوالے سے میں اپنے بیان پر قائم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کا یہ دعوی بالکل درست ہے کہ فوج ان سے ہمدردی رکھتی ہے جبکہ خواجہ آصف کی رائے بالکل غلط ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں پرویز مشرف کا کوئی کردار ہو یا نہ ہو مگر نواز شریف کو پھنسانے میں ان کا کردار ضرور ہو گا اور رپورٹ آنے کے بعد ہی یہ فیصلہ ہو سکے گا کہ اب کیا ہونا ہے۔