انسٹا گرام نے یوٹیوب کے مد مقابل آئی جی ٹی وی لانچ کردیا

صارفین ایک منٹ سے زیادہ دورانیے کی ویڈیو اپ لوڈ کرسکیں گے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 25 جون 2018 23:47

انسٹا گرام نے  یوٹیوب کے مد مقابل آئی جی ٹی وی لانچ کردیا
نیویارک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جون 2018ء) : انسٹا گرام نے یوٹیوب کے مد مقابل آئی جی ٹی وی لانچ کردیا۔ صارفین ایک منٹ سے زیادہ دورانیے کی ویڈیو اپ لوڈ کرسکیں گے۔تفصیلات کے مطابق انسٹا گرام کو دنیا کی معروف و مقبول سوشل میڈیا ایپ اور ویب سائٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔2010 میں وجود پانے والی سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام فیس بک کی ملکیت ہے۔

تازہ ترین اور دستیاب معلومات کے مطابق دنیا بھر میں انسٹا گرام کے صارفین کی تعداد 80کروڑ ہے۔دنیا بھر میں موجود کروڑوں صارفین اپنی اس من پسند سوشل میڈیا ایپ اور ویب سائٹ کو اپنی تصاویر شئیر کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔انسٹا گرام انتظامیہ ایپ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کے لیے نت نئی تبدیلیاں کرتی رہتی ہے۔ان تبدیلیوں کو عموما صارفین کی جانب سے بہت پسند بھی کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انسٹا گرام کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی سہولتوں کے باعث اب اس کا استعمال مزید آسان ہو چکا ہے۔ یوٹیوب کے مقابلے میں انسٹا گرام نے اپنا آئی جی ٹی وی متعارف کروانے کا فاصلہ کرلیا۔آئی جی ٹی وی ایک نئی ایپلی کیشن ہے، جہاں صارفین ایک منٹ سے زیادہ دیر کی ویڈیوز اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ انسٹاگرام کے سی ای او کیون سسٹروم نے ایک تقریب میں یہ ایپلی کیشن متعارف کرائی۔

اس ایپ میں صارفین ایک گھنٹے تک کی ویڈیوز اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس ایپ میں صارفین براہ راست یا انسٹاگرام سے بھی ویڈیو اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔اس ایپ میں چونکہ ہر چیز موبائل سے متعلقہ ہے اس لیے اس میں اپ لوڈ ہونے ویڈیوز پورٹریٹ موڈ میں ظاہر ہونگی۔س ایپلی کیشن میں طویل ویڈیوز کی تیاری کے لیے کئی نئے ٹولز شامل کیے گئے ہیں۔آئی جی ٹی وی میں انسٹاگرام کے دوسرے فیچرز بھی مربوط کیے گئے ہیں۔

آپ سٹیکرز اور فلٹرز استعمال کرنے کے علاوہ ویڈیوز کو میسجز میں بھی شیئر کر سکتے ہیں۔ صارفین آئی جی ٹی وی ویڈیوز کو فیس بک پیج پر اور پروفائلز پر بھی شیئر کر سکتے ہیں۔ انسٹا گرام حکام کی جانب سے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ حالیہ تبدیلیاں صارفین کے لیے خوشگوار ثابت ہوں گی جو انسٹا گرام کے استعمال کو مزید مقبول بنا دیں گی اور صارفین آئی جی ٹی وی قبول کرتے ہوئے انکو پسند کریں گے۔