عمر اکمل پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے روبرو پیش ، سپاٹ فکسنگ کے بیان پر اپنا موقف ریکارڈ کروایا

پیر 25 جون 2018 23:47

عمر اکمل پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے روبرو پیش ، سپاٹ فکسنگ کے بیان ..
لاہور۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز عمر اکمل دو دن قبل ہی پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے روبرو پیش ہوگئے اور سپاٹ فکسنگ کے بیان پر اپنا موقف ریکارڈ کروایا ،عمر اکمل کو پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے 27جون کو طلب کیا تھا لیکن ان کی ذاتی درخواست اور دستیابی کے پیش نظر پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے سوموار کے روز ہی عمر اکمل کا بیان قلبند کرلیا ،پی سی بی ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ عمر اکمل کو سپاٹ فکسنگ کے بارے میں بیان دینے پر 27جون کو اینٹی کرپشن یونٹ کے روبرو طلب کیا گیا تھا تاہم ان کی درخواست پر انہیں سوموار کے روز ہی پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے روبرو پیش ہونے کا موقع دیدیا گیا اور انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا ،پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ عمر اکمل کے بیان کا جائزہ لے رہا ہے ، جس کے بارے میں مذید تفصیلات سے جلد ہی میڈیا کو آگاہ کرے گا ، عمر اکمل نے ایڈیلیڈ اوول میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ون ڈے انٹر نیشنل میچ کے بارے میں بیان دے کر اس کے بارے میں شکوک شبہات پیدا کردیے ہیں،عمر اکمل نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں 2015ء کے ورلڈ کپ میں میچ فکس کرنے کی پیشکش ہوئی تھی، جس پر آئی سی سی نے عمر اکمل کے متنازع بیان پر ان کیخلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے،پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی متنازع انٹرویو پر ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کو نوٹس جاری کیا تھا ،اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو 76 رنز سے شکست دی تھی اور عمر اکمل صفر پر آؤٹ ہوئے تھے، آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ہم عمر اکمل کیخلاف تحقیقات کا آغاز کررہے ہیں اور فوری طور پر عمر اکمل سے ملاقا ت کرکے ان کا مؤقف جاننا چاہیں گے، ہمارا اینٹی کرپشن یونٹ کھیل سے کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہا ہے اور اس بارے میں کسی کے پاس کوئی معلومات ہوں تو وہ آئی سی سی رابطہ کرسکتا ہے،پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ عمر اکمل کے بیان کا جائزہ لے رہا ہے اور تفصیلات جاننے کے بعد ردعمل دیا جائیگا،ایک نجی ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ ورلڈ کپ میں دو گیندیں نہ کھیلنے پر دو لاکھ ڈالرز کی پیشکش ہوئی تھی،انہوں نے کہا کہ جب بھی میں پاکستان کی جانب سے بھارت کیخلاف کھیلتا، مجھے پیشکش کی جاتی تھی کہ میچ نہ کھیلوں اوراس کے عوض مجھے پیسوں کی پیشکش کی جاتی تھی لیکن میرا سٹے بازوں کو ہمیشہ یہی جواب ہوتا ہے کہ میں اپنے ملک کیلئے کھیلنا چاہتا ہوں،عمر اکمل نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے میچوں کے دوران انہیں صرف 2 گیندیں چھوڑنے کے عوض 2 لاکھ ڈالرز کی پیشکش ہوئی جسے انہوں نے مسترد کر دیا، مڈل آرڈر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف میچز سے پہلے انہیں فکسنگ کی آفر ہوتی رہیں، ورلڈ کپ 2015ء میں بھی پیشکش ہوئی تھی کہ 2 گیندیں چھوڑ دو تو ہم تمہیں 2 لاکھ ڈالر دیں گے جبکہ اس حوالے سے ہر بار بورڈ کو مطلع کیا، آئی سی سی قوانین کے تحت اگر کسی کھلاڑی کو سٹے باز کی جانب سے پیشکش ہوتی ہے تو اسے اس کی اطلاع ٹیم انتظامیہ کو کرنا ہوتی ہے،گزشتہ برس بھی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے عمر اکمل کوان فٹ قرار دے کر واپس بھیج دیا گیا تھا جس کے بعد عمر اکمل پاکستانی ٹیم میں واپسی کیلئے غیر معمولی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں،پاکستان سپر لیگ میں بھی لاہور قلندرز کی جانب سے وہ مسلسل ناکام رہنے کے بعد ٹیم سے ڈراپ ہوگئے تھے،آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ وہ عمر اکمل کے بیان کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں،آئی سی سی نے ایڈیلیڈ میں چار سال قبل پاک بھارت میچ میں فکسنگ کی تردید کی ہے تاہم عمر اکمل سے بات کرکے مزید تحقیقات کی جائے گی،ترجمان آئی سی سی کے مطابق عمر اکمل کے فکسنگ سے متعلق بیان کی تحقیقات ہوںگی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل جلد از جلد عمر اکمل سے بات کرے گا، عمر اکمل کے بیان نے پاکستان اور بھارت کے کرکٹ حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے ۔