شہباز شریف نیب میں پیش نہ ہوئے ، لیگی رہنمائوں کی شکایت پر انتخابات تک دوبارہ نہ بلانے کا فیصلہ

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو صاف پانی کرپشن کیس سکینڈل میں تمام ریکارڈ سمیت نیب لاہور میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی

پیر 25 جون 2018 23:47

شہباز شریف نیب میں پیش نہ ہوئے ، لیگی رہنمائوں کی شکایت پر انتخابات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف صاف پانی کرپشن کیس میں طلبی کے باوجود قومی احتساب بیورو (نیب ) میں پیش نہ ہوئے ، نیب نے لیگی رہنمائوں کی شکایت پر شہباز شریف کو انتخابات تک دوبارہ نہ بلانے کا فیصلہ کر لیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 25جون کو تمام ریکارڈ لیکر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی مگر وہ مصروفیات کے باعث نیب میں پیش نہ ہو سکے ۔

ذرائع کے مطابق لیگی رہنمائوں نے شہباز شریف کو کیسز میں بلا کر انتخابی مہم سے روکنے کی شکایت کی تھی جس پر نیب نے شہباز شریف کو الیکشن سے قبل دوبارہ نہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے اور اب انہیں الیکشن کے بعد دوبارہ طلب کیا جائے گا۔واضح رہے کہ صاف پانی کرپشن اسکینڈل میں اس سے قبل شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز، داماد عمران علی یوسف، سابق وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا، سابق رکن اسمبلی اور ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر وحید گل بھی پیش ہو چکے ہیں۔