حکومت میں آئے تو کراچی میں ہسپتالوں اور ٹرانسپورٹ کے مسائل ختم کریں گے‘شہباز شریف

جب تک کراچی کے مسائل حل نہ کر لوں واپس نہیں جائوں گا‘مسلم لیگ ( ن ) کے صدر شہباز شریف کا بلدیہ ٹائون میں جلسہ عام سے خطاب

پیر 25 جون 2018 23:36

حکومت میں آئے تو کراچی میں ہسپتالوں اور ٹرانسپورٹ کے مسائل ختم کریں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں کراچی میں آپ کا خادم بن کر آ گیا ہوں اب میں اس وقت تک واپس نہیں جائوں گا جب تک کراچی کے مسائل حل نہ کر لوں،انہوں نے کہا کہ میں نے بلدیہ ٹائون سے کاغذات نامزدگی اس لیے داخل کروائیں ہیںہمارے مخالفین کو کوئی شق نہ رہے کہ میں آ گیا ہوں اوراب میں واپس تب جائوں گا جب کراچی کو لاہور بنا دوں گا،وہ گزشتہ روز اپنے انتخابی حلقے این اے 249میںایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ کراچی والو آپ کے ساتھ گزشتہ 25سال سے بہت ظلم اور زیادتی ہوئی ہے،آپ کے اربوں روپے کے فنڈ ز جانے کہاں چلے گئے شاید دبئی چلے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹائون اور لیاری والوں کے ساتھ بہت زیادتی ہوئی ہے جسے دیکھ کر رونا آتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ جب میں مزار قائد پر حاضری دینے گیا تو ایک صحافی نے مجھ سے سوال کیا کہ کیا آپ کراچی کو پیرس بنا دیں گے میں نے جواب دیا کہ آپ کا سوال بالکل درست ہے، آج سے 21 سال پہلے جب میں نے لاہور کو پیرس بنانے کی بات کی تھی تو ہمارے مخالفین نے اسے دیوانے کا خواب سمجھا تھا،لیکن اگر آپ سمجھتے ہیں کہ میں نے لاہور کوپیرس بنا دیا ہے تو میں کراچی کو جنوبی ایشیا کا پیرس بنا دوں گا، کراچی پاکستان کی شان ہے،میں آج بلدیہ ٹائون کے اس جلسے میں پھر اعلان کرتا ہوں کہ اگر آپ لوگوں نے موقع دیا ،ووٹ کو عزت دی تو کراچی کا کوڑا کرکٹ چھ ماہ میں صاف کر دوں گا، انہوں نے کہا کہ تین سال کے اندر ہر گھر میں پانی پہنچا دوں گا جس کا آغاز بلدیہ ٹائون سے کروں گا،انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے اعتماد سے نوازا تو بلدیہ ٹائون میں پانچ سو بیڈ کا ہسپتال ایک سال میں بنا دوںگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کابہت بڑا مسلئہ ہے، یہاں وہ خٹارہ بسیں چلتی ہیں جو پنجاب میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی نہیں چلتیں،کراچی کو ٹرانسپورٹ کا جدید نظام دیں گے،بے روزگاری ختم کرنے کے لیے ٹکنیکل ٹریننگ شروع کریں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی والو میں آپکو آپکا حق دلا کر رہوں گا،میرا آپ سے وعدہ ہے کہ جب تک کراچی کو اس کا حق نہ دلا دوں چین سے نہیں بیٹھوں گا، انہوں نے کہا کہ ہم نے ہندوستان کو معاشی میدان میں شکست دینی ہے جس کے لیے کراچی کو اسکا حق دینا لازم ہے ،انہوں نے کہا کہ کر اچی والو جنہوں نے آپ کے ساتھ ظلم کیا ہے ووٹ کی پرچی سے ان سے بدلا لینا ہے،جب آپ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے تو پاکستان کو ووٹ دیں گے، انہوں نے کہا کہ لوگ مجھے پنجاب میں خادم اعلیٰ کہتے ہیں لیکن کراچی میں کراچی والوں کا خادم بن کر آیا ہوں۔