ڈاکٹر محمد امجد کی اسلام آباد کے حلقہ این اے 52 اور 53 میں انتخابی مہم کا آغاز

پیر 25 جون 2018 23:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2018ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد کی اسلام آباد کے حلقہ این اے 52 اور 53 میں انتخابی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ شام اے پی ایم ایل پاسدار کے صدر راجہ شاہد کی قیادت میں یوتھ کی ریلی نکالی گئی جو زیرو پوائنٹ سے شروع ہو کر پمز ہسپتال ، بلیو ایریا سے ہوتی ہوئی نیشنل پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ریلی کے شرکاء نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ سید پرویز مشرف اور ڈاکٹر محمد امجد کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ ریلی کے اختتام پر راجہ شاہد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید پرویز مشرف کا ویژن ہی ملک کو تباہی سے بچا سکتا ہے۔ آل پاکستان مسلم لیگ الیکشن 2018ء میں قوم کو بے وقوف بنانے والے سیاسی مداریوں کا ملک بھر میں مقابلہ کرے گی اور عوام کو حقیقی نمائندگی فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لوٹے رنگ لینے سے نیا پاکستان بن سکتا ہے نہ ملک میں تبدیلی آئے گی۔ نیا پاکستان اس وقت بنے گا جب عوام کو بے لوث اور حقیقی قیادت میسر ہو گی۔