نیب کا حسن اور حسین نواز سمیت اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے واپس لانے کا فیصلہ

چند روز میں وزارت داخلہ کو باضابطہ خط لکھا جائیگا

پیر 25 جون 2018 23:36

نیب کا حسن اور حسین نواز سمیت اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2018ء) نیب نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے دونوں صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز سمیت اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب اس حوالے سے چند روز میں وزارت داخلہ کو باضابطہ خط لکھے گا۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق نیب کے گزشتہ روز ہونیوالے اجلاس میں ایون فیلڈ ریفرنس سمیت تین مختلف نوعیت کے ریفرنسز میں مفرور ملزمان حسن نواز اور حسین نواز کی گرفتاری کے لئے مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیب اس حوالے سے وزارت داخلہ کو تحریری خط لکھے گا کہ ان دونوں مفرور ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے واپس لایا جائے اسی طرح نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں میں مفرور ملزم سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے وطن واپس لینے کا فیصلہ کر لیاہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چیئر مین نیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ بیماری کا بہانہ کر کے لندن کی سڑکوں پر آزادانہ گھومنے والے اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لا کر قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب سیف الرحمن کو بھی انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ میاں نواز شریف کے دونوں صاحبزادے اور اسحاق ڈار وطن واپسی کے حوالے سے آج کل میڈیا کی نظروں میں ہیں اور مفرور ملزمان بیماری کا بہانہ کر کے لندن میں اپنا قیام بڑھائے ہوئے ہیں۔۔