این اے 59 میں چوہدری نثار کے مخالف ن لیگی امیدوار کو گرفتار کر لیا گیا

راجہ قمر الاسلام کو صاف پانی اسکیںڈل میں نیب نے گرفتار کیا ہے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 25 جون 2018 21:02

این اے 59 میں چوہدری نثار کے مخالف ن لیگی امیدوار کو گرفتار کر لیا گیا
چکری(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جون 2018ء) : این اے 59 میں چوہدری نثار کے مخالف ن لیگی امیدوار کو گرفتار کر لیا گیا۔راجہ قمر الاسلام کو صاف پانی اسکیںڈل میں نیب نے گرفتار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار اس وقت دو قومی حلقوں سے انتخابات لڑ رہے ہیں۔این اے 63 ٹیکسلا اور واہ کے ساتھ وہ این اے 59 چکری سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔مسلم لیگ ن کی قیادت سے مخالفت کے بعد سابق وزیر داخلہ نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا ۔

تاہم مسلم لیگ ن چوہدری نثار کے حوالے سے کافی تذبذب کا شکار رہی ہے ۔کبھی انہیں ٹکٹ دینے کی بات کی جاتی تھی اور کبھی انکے مخالف امیدوار کھڑا کرنے کا منصوبہ بنایا جاتا تھا ۔جس وقت مسلم لیگ ن نے پنجاب کے تمام حلقوں میں اپنے ٹکٹ ہولڈرز کا اعلان کیا تو اس وقت چوہدری نثار کے مخالف کسی بھی امیدوار کو ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا جس پر سیاسی ماہرین کا یہی کہنا تھا کہ شائد ایسے کر کے لیگی قیادت در پردہ چوہدری نثار کی حمایت کرے گی اور نشست جیتنے کے بعد چوہدری نثار دوبارہ مسلم لیگ ن میں ہی شمولیت اختیار کر لیں گے تاہم اگلے ہی دن مسلم لیگ ن نے چوہدری نثار کے مقابلے میں پہلی مرتبہ کسی کو ٹکٹ جاری کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس طرح راجہ قمر الاسلام کو این اے 59 سے چوہدری نثار کے خلاف ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔راجہ قمر الاسلام نے چوہدری نثار کے خلاف پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست دی تھی اور چوہدری نثار کے خلاف الیکش لڑنے کا اعلان کیا تھا۔تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق این اے 59 سے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے خلاف کھڑے ہونے والے لیگی امیدوار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔نیب نے راجہ قمرالاسلام کو صاف پانی کمپنی اسکیںڈل میں گرفتار کیا گیا ہے اور نیب ترجمان کے مطابق راجہ قمر الاسلام پر ایک ارب روپے کے گھپلوں کا الزام ہے۔