لاہور کے بعد اب کراچی کو پیرس بنائیں گے ، شہباز شریف

ماضی میں عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا ہے ، انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنائیں گے، مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 25 جون 2018 22:23

لاہور کے بعد اب کراچی کو پیرس بنائیں گے ، شہباز شریف
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماضی میں عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا ہے اور آئندہ بھی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنائیں گے۔ ہم صحیح معنوں میں قائد کا پاکستان بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کو مزار قائد اعظم محمد علی جناح پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے مزارقائد پر فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم کے افکار اور سوچ کی امین ہے، آج کتاب میں لکھا ہے کہ ہم کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے، ہم صحیح معنوں میں قائد کا پاکستان بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018 کی مہم کا آغاز کراچی سے کیا ہے۔ فیڈریشن ہائوس میں سوالات و جوابات کا اچھا سلسلہ رہا۔

اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان کو ویلفیئر اسٹیٹ میں نہ بدل دیں۔1997 میں جب پہلی بار وزیر اعلی بنا ، تو لاہور کو پیرس بنانے کے دعوے پر لوگوں نے میرا مذاق اڑایا انشا اللہ کراچی کو بھی ایسے ہی پیرس بناں گا۔ وعدہ کررہا ہوں کہ کراچی کو جنوبی ایشیا کا خوبصورت شہر بنائیں گے۔قبل ازیں سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنی رہائش گاہ پر شہباز شریف کے اعزاز میں ظہرانہ دیا ،جس میں عارف حبیب، حاجی جان محمد، طارق عبداللہ، علی یوسف و دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن)کے معاشی ایجنڈے پر روشنی ڈالی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ برسراقتدار آکر ملک میں تاجر دوست پالیسیاں بنائی جائیں گی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔