ایف بی آر کے اقدامات سے ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے والے افراد کا اعتماد متاثر ہوا ہے۔ مفسر عطاء ملک

پیر 25 جون 2018 21:59

ایف بی آر کے اقدامات سے ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے والے افراد کا ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر مفسر عطاء ملک نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے رواں مالی سال کی آمدنی کو ایمنسٹی اسکیم سے نکالنے اور بیرون ملک اثاثوں کا تخمینہ لگانے کے فارمولے میں تبدیلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں اقدمات کی وجہ سے ایسے افراد کا اعتماد متاثر ہوا ہے جو اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مند تھے۔

پیر کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے چیف جسٹس پاکستان، نگراں وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے ایف بی آرٍٍٍٍٍٍٍ کے اقدامات پر نوٹس لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم کے اختتام میں صرف 4 دن باقی رہ گئے ہیں اور ایسے حالات میں ایف بی آر کی وضاحتوں اور اپنے مفاد کے فیصلے نہ صرف ایمنسٹی اسکیم کے لیے مشکل ثابت ہوں گے بلکہ ملک کی معیشت پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے حالانکہ ملک کو ایمنسٹی اسکیم کے تحت آنے والے فنڈز کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایف بی آر کا فیصلہ جس میں یکم جولائی 2017سے لے کر9اپریل 2018کے دوران کمائی گئی آمدنی کو اس اسکیم سے نکالنا پارلیمنٹ کے والینٹری ڈیکلریشن آف ڈومیسٹک ایسٹس ایکٹ 2018 کی خلاف ورزی ہے۔ مفسر ملک نے کہا کہ اس اسکیم کو صدارتی آرڈیننس کے ذریعے کم از کم دو ہفتوں سے ایک ماہ تک بڑھانے کا راستہ ہے جبکہ ایف بی آر اس سلسلے میں ایک تفصیلی وضاحت جس میں تاجربرادری کے تمام تر تحفظات کا جواب دیا جائے اسے جلد از جلد جاری کرے۔