کاروباری برادری کی سہولت کیلئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں ستمبر تک توسیع کی جائے، سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

پیر 25 جون 2018 21:55

کاروباری برادری کی سہولت کیلئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں ستمبر تک توسیع ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کی سہولت کیلئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں ستمبر 2018ء تک توسیع کی جائے۔ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر افتخار ملک نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کو ایمنسٹی سکیم سے بھرپور فوائد حاصل کرنے چاہئیں، کاروباری طبقہ کے پاس یہ مناسب وقت ہے کہ وہ آف شور اور اندرون ملک اپنے اثاثے ظاہر کرکے فوائد حاصل کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس فائلر کیلئے ایمنسٹی سکیم میں ستمبر 2018ء تک توسیع کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سکیم میں شامل ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈونیشیا، ارجنٹائن، برازیل نے بھی اسی وقت میں ایمنسٹی سکیم کا اعلان کیا تھا جب یہ سکیم پاکستان نے شروع کی تاہم ان ممالک کی طرح مدت میں توسیع کی جائے تاکہ کاروباری برادری بھرپور فوائد حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ سکیم میں کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کا استعمال خوش آئندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم سے محصولات میں اضافہ ہو گا، جاری خسارہ کم ہو گا، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے اور ادائیگیوں کے توازن میں بہتری آئے گی۔