تازہ ترین آئی سی سی ون ڈے رینکنگ، انگلش ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان

پاکستانی ٹیم پانچویں نمبر پر برقرار، آسٹریلوی ٹیم تنزلی کے بعد 34 برس بعد چھٹے نمبر پر چلی گئی، بلے بازوں میں بابر اعظم نے 3 درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین دوسری پوزیشن سنبھال لی، جونی بیئرسٹو 4 درجے ترقی پا کر 11ویں نمبر پر آ گئے، جوز بٹلر کی 2 درجے ترقی، جیسن روئے اور ٹریوس ہیڈ ٹاپ ٹونٹی میں شامل، بائولرز میں عادل راشد 3 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹین میں شامل، معین علی کی 13 درجے لمبی چھلانگ

پیر 25 جون 2018 21:51

تازہ ترین آئی سی سی ون ڈے رینکنگ، انگلش ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان
دبئی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) انگلش ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے ٹیم رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، پاکستانی ٹیم پانچویں نمبر پر برقرار ہے، عالمی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم تنزلی کے بعد 34 برس بعد چھٹے نمبر پر چلی گئی، بلے بازوں میں پاکستان کے بابر اعظم 3 درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین دوسرے نمبر پر آ گئے، انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو 4 درجے ترقی پا کر 11 ویں نمبر پر آ گئے، جوز بٹلر کی 2 درجے ترقی ہوئی ہے، جیسن روئے اور ٹریوس ہیڈ 3، 3 درجے ترقی پا ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے، بائولرز میں عادل راشد 3 سیڑھیاں چڑھ کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، معین علی 13 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 12 ویں نمبر پر آ گئے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان آخری ون ڈے کے بعد تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت انگلش ٹیم کینگروز کو ون ڈے سیریز میں 5-0 سے وائٹ واش کرنے کے بعد 126 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، بھارت دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے اور پاکستان پانچویں نمبر پر موجود ہے، آسٹریلوی ٹیم تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلی گئی، بنگلہ دیش ساتویں اور سری لنکا آٹھویں نمبر پر موجود ہے، انگلش کھلاڑیوں کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے، بلے بازوں میں ویرات کوہلی سرفہرست ہے، بابراعظم بغیر کھیلے 3 درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گئے، جونی بیئرسٹو 4 درجے ترقی کے ساتھ 11 ویں نمبر پر آ گئے، کینگروز کے خلاف ون ڈے سیریز میں پلیئر آف دی سیریز قرار پانے والے جوز بٹلر 2 درجے ترقی کے ساتھ 16ویں نمبر پر آ گئے، جیسن روئے اور آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ 3، 3 سیڑھیاں چڑھ کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے، ایلکس ہیلز ایک درجہ اوپر چڑھ کر 22ویں اور ایوان مورگن 24ویں نمبر پر آ گئے، بائولرز میں جسپریت بمرا بدستور سرفہرست ہیں، عادل راشد کی 3 درجے ترقی کے بعد ٹاپ ٹین میں انٹری ہوئی ہے، انہوں نے آٹھواں نمبر سنبھال لیا، معین علی 13 درجے چھلانگ لگا کر 12ویں نمبر پر آ گئے، مارک ووڈ 5 اور ڈیوڈ ویلے 23 درجے ترقی پا کر 28ویں اور 43ویں نمبر پر آ گئے، آل رائونڈرز میں شکیب الحسن پہلے نمبر پر برقرار ہیں، معین علی پانچویں اور کرس ووکس نویں نمبر پر ہیں۔